پٹنہ: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بھاریہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سینئر لیڈر اور سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کے انتقال پر اپنے گہرے غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مسٹر کمار نے آج یہاں اپنے غم پیغام میں کہا ہے کہ محترمہ سوراج ایک ذہین اسپیکر اور بہترین لیڈر کے ساتھ ساتھ ہمہ گیر صلاحیت کی حامل تھیں۔ ملک کے مفاد اور عوامی بہبود کے شعبے میں کئے گئے کاموں کو ملک ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہاکہ ’’اچانک ان کے انتقال کی خبر ملنے سے پورا ملک غم زدہ ہے اور ذاتی طور پر میں دکھی ہیں‘‘۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ان کے انتقال سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی سشما جی کی روح کے سکون کے لئے میں نے خدا سے دعا کرتا ہوں۔ خدا دکھ کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کا دہلی کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ (ایمس)اسپتال میں منگل کی رات انتقال ہو گیا تھا۔ وہ 67 سال کی تھیں۔ ان کے خاندان میں شوہر سوراج کوشل اور ایک بیٹی بانسری سوراج ہیں۔وہ طویل عرصے سے بیمار چل رہی تھیں اور ان کا گردے بھی تبدیل ہوئے تھے۔ محترمہ سوراج کو کل رات تقریبا دس بجے دل کا دورہ پڑنے کے بعد ایمس لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھ کر بچانے کی کوشش کی لیکن ان کے جسم نے ساتھ نہیں دیا۔
راجستھان کے گورنر کلیان سنگھ نے سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔مسٹر سنگھ نے آج کہا کہ محترمہ سوراج موثر عوامی نمائندہ تھیں۔ وہ بہادر، دور اندیش اور عوامی لیڈر تھیں۔ وہ لوگوں کی مدد کے لئے ہمیشہ تیار رہتی تھیں۔انہوں نے خدا سے آنجہانی سوراج کی روح کے سکون اور سوگوار کنبے کو اس مشکل گھڑی میں ہمت عطا کرنے کی دعا کی۔
سابق مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج کے انتقال پر سابق نائب وزیر اعظم ایل کے اڈوانی نے اپنے رنج و غم کا اظہار ایک تحریری پیغام کے ذریعہ کیا ہے۔ اس پیغام میں انھوں نے لکھا ہے کہ سشما سوراج کا انتقال ملک کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اس خسارہ کو انھوں نے اپنے لیے بھی بہت بڑا نقصان بتایا اور کہا کہ ان کی غیر موجودگی کا احساس ہمیشہ انھیں ستائے گا۔ سشما سوراج کے روح کے سکون کے لیے ایل کے اڈوانی نے دعا کی اور کہا کہ بانسری و سشما کے سبھی اہل خانہ کے تئیں ان کی ہمدردی ہے۔