Jiحیدرآباد ۔4۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ الوک ارادھے نے آج ہائی کورٹ کے احاطہ میں ملٹی اسپیشالیٹی ہیلتھ کیمپ اور بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح انجام دیا ۔ نیشنل لیگل سرویسز اتھاریٹی نئی دہلی کی نگرانی میں تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسز اتھاریٹی نے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل اور نرمان آرگنائزیشن نامی این جی او کے اشتراک سے کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا۔ جسٹس الوک ارادھے جو تلنگانہ لیگل سرویسز اتھاریٹی کے سرپرست ہیں، کیمپ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بعض معائنے کرائے۔ جسٹس سوجئے پال اگزیکیٹیو چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسز اتھاریٹی اور جسٹس ابھینند کمار شاولی صدرنشین ہائی کورٹ لیگل سرویسز کمیٹی اس موقع پر موجود تھے۔ ہائیکورٹ کے کئی ججس اور سینئر وکلاء نے ہیلت کیمپ اور بلڈ ڈونیشن کیمپ میں شرکت کی۔ صدرنشین بار کونسل آف تلنگانہ اے نرسمہا ریڈی ، صدر تلنگانہ ہائی کورٹ ایڈوکیٹس اسوسی ایشن اے رویندر ریڈی ، سپرنٹنڈنٹ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل ڈاکٹر ڈاکٹر راکیش کمار سہائے اور این جی او تنظیم نرمان کے بانی پی میور نے کیمپ کے انعقاد میں تعاون کیا ۔ ہیلت کیمپ کے انعقاد کا مقصد ایڈوکیٹس اور اسٹاف ممبرس کو میڈیکل چیک اپ اور دیگر طبی سہولتیں فراہم کرنا ہے ۔ ہیلت چیک اپ میں عوارض کا پتہ چلنے پر ڈاکٹرس سے رجوع کیا گیا۔ بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد کے ذریعہ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کو علاج کے لئے پہنچنے والے مریضوں کی مدد کرنا ہے کیونکہ غریب مریضوں کے پاس بلڈ حاصل کرنے کی گنجائش نہیں ہوتی۔ ایسے مریض جنہیں فوری طور پر خون کی ضرورت ہو ، انہیں کیمپ سے حاصل کردہ خون دیا جاسکتا ہے۔ لیگل سرویسز اتھاریٹی کے ممبر سکریٹری کے مطابق ہائی کورٹ ایڈوکیٹس اسوسی ایشن ، ہائی کورٹ کے اسٹاف اور لیگل سرویسز اتھاریٹی کے اسٹاف نے خون کا عطیہ دیا۔ 1