قیمتوں میں ۱۰؍ اور ۱۵؍فیصدکمی کے باوجود مہاڈا کے فلیٹ خریدنا عام آدمی کیلئے مشکل ہو گیا ہے۔ یادرہے کہ مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( مہاڈا ) کےشہر اور مضافات میں لاٹر ی کے ذریعہ ملنے والے خوابوں کے گھروں کیلئے درخواست دینے کا سلسلہ ۱۹؍ ستمبر کو دوپہر ۱۲؍ بجے ختم کر دیا گیا۔ مہاڈا نے۹؍اگست سے لاٹری کے ذریعہ ورلی اور تاردیو کے علاوہ ملنڈ، وکھرولی کنمور نگر، پوائی، دندوشی، گوریگاؤں اور ملاڈ میں ۲؍ ہزار۳۰؍ فلیٹ کے لئے درخواستیں دینے کا سلسلہ شروع کیا تھا
جہاں ایک طرف لور، مڈل اور ہائیر انکم گروپ کے علاوہ مالی اعتبار سے کمزور طبقہ نے ۲؍ ہزار ۳۰؍ گھروں کیلئے ایک لاکھ سے زائد درخواستیں دی ہیں ، وہیں دوسری طرف درخواست دینے والا لور اور مڈل کلاس اور مالی طور پر کمزور طبقہ وزیر ہاؤسنگ کی جانب سے دیئے جانے والے فلیٹوں کی قیمتوں میں ۱۰؍ سے ۲۵؍ فیصد کمی کرنے کے باوجود فلیٹ خریدنے کیلئے فکر مند ہے کیونکہ قرض لینے سے لے کر قرض کی ادائیگی کے مراحل انتہائی مشکل ہیں۔
مہاڈا کے مہنگے فلیٹوں کو خریدنے کیلئے درخواستیں دینے کے بعد صارفین اب اس پر فکر مند ہیں کہ اتنے مہنگے فلیٹوں کی ادائیگی کیسے کی جائے گی ؟درخواست گزار اس پربھی فکر مند ہیں کہ فلیٹ خریدنے کیلئے انہیں اتنا قرض ملے گا یا نہیں اور اگر ملے گا تو اس کی ادائیگی کس طرح ممکن ہوگی؟ درخواست گزار وزیر ہاؤسنگ کے ذریعہ فلیٹوں کی قیمتوں میں ۱۰؍ سے ۲۵؍ فیصد تک کمی کرنے کے باوجود موجودہ طے کی گئی قیمتوں سے پریشان ہیں ۔
مہاڈا سے موصولہ اطلاع کے مطابق درخواست گزاروں کی اپیل اور پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی لیکن اب بھی درخواست دینے والوں کی جانب سے فلیٹ کی قیمت مزید کم کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔ مہاڈا اس سلسلے میں ملنے والی درخواستوں پر غور کررہا ہے جبکہ درخواست گزاروں کے خوابوں کے فلیٹوں کی قرعہ اندازی ۸؍ اکتوبر کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایئریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کوقیمتیں زائد ہونے کی شکایت کے باوجود ایک لاکھ ۲۲؍ ہزار ۳۱۸؍ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
موصولہ درخواست گزاروں میں ۷۰؍ ہزار ۵۶۲؍ درخواست گزاروں نے ابتدائی رجسٹریشن فیس بھی ادا کردی ہے۔ مہاڈا نےلاٹری کے ذریعہ خوش قسمت صارف کو دیئے جانے والے فلیٹوں میں جو ۱۰؍ تا ۲۵؍ فیصد کی کمی کی ہے، اس کے بعد لور انکم گروپ میں درخواست دینے والے امیدواروں کو لاٹری میں نام ظاہر ہونے پر ۳۹؍ لاکھ کا فلیٹ اب ۲۹؍ لاکھ میں دیا جائے گا۔ اسی طرح مڈل انکم گروپ کے لئے
دیئے جانے فلیٹوں کی قیمتوں میں ۱۰؍ تا ۱۲؍ فیصد کمی کی گئی ہے جس کی وجہ سے جو فلیٹ پہلے ۶۲؍ لاکھ میں ملنا تھا اب وہ ۵۰؍ لاکھ میں ملےگا۔ اسی طرح ورلی سے تاردیو کے درمیان ہائی انکم گروپ کے لئے جو فلیٹ لاٹری کے ذریعہ دیئے جائیں گے ان کی قیمت پہلے ساڑھے ۷؍ کروڑ تھی جو اب گھٹا کر ۶؍ کروڑ ۸۰؍ لاکھ کر دی گئی ہے۔