نئی دہلی: مالدیپ کے صدر محمد معیزو اتوار 6 اکتوبر کو ہندوستان کے چار روزہ سرکاری دورے پر دہلی پہنچے۔ توقع ہے کہ وہ پیر 7 اکتوبر کی صبح وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ اپنے دورہ ہند سے قبل ایک بین الاقوامی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے معیزو نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ہندوستان مالدیپ کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے تیار ہوگا۔ دونوں قائدین کی حیدرآباد ہاؤس نئی دہلی میں دو طرفہ بات چیت کے دوران کرنسی کے تبادلے کے انتظامات اور قرض کی حمایت کی درخواست کر نے کی توقع ہے ۔ راشٹرپتی بھون میں گارڈ آف آنر کے بعد انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہماری مالی صورتحال سے پوری طرح واقف ہے اور ہمارے سب سے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک کے طور پر ہمارے بوجھ کو کم کرنے ہمیں درپیش چیلنجوں کے بہتر متبادل اور حل تلاش کرنے کیلئے ہمیشہ تیار رہے گا۔