حیدرآباد ۔ مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے تلنگانہ میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے بعد سکریٹریٹ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور نقصانات و امدادی کاموں کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ ، وزیر مال پی سرینواس ریڈی ، چیف سکریٹری شانتی کماری اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں ریاست میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ حکومت کی جانب سے نقصانات کی تفصیلات پر مبنی تصویری نمائش کا مرکزی وزیر نے مشاہدہ کیا۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے نقصانات کا عبوری تخمینہ 5438 کروڑ پیش کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ کو مرکز سے فراخدلانہ امداد فوری طورپر جاری کرنے کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ سیلاب اور بارش کے نقصانات کا فوری طور پر عبوری تخمینہ کیا گیا جس کے مطابق جملہ نقصانات 5438 کروڑ ہیں۔ تمام محکمہ جات سے نقصانات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں اور مکمل رپورٹ عنقریب مرکزی حکومت کو پیش کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کھمم ، محبوب آباد اور سوریا پیٹ اضلاع کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں میں شدید بارش کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ کئی مقامات پر ایک دن میں 40 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے چوکسی کے باعث جانی نقصانات کو روکنے میں مدد ملی ہے ۔ تاہم املاک اور فصلوں کو بھاری نقصان ہوا۔ عہدیداروں نے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ نقصانات کی تفصیلات پیش کی ۔ چیف منسٹر نے قومی شاہراہوں ، سڑکوں ، بریجس اور ریلوے لائین کو ہوئے نقصانات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ محبوب آباد ضلع میں ریلوے پٹریوں کو نقصان سے ٹرینوں کی آمد و رفت میں خلل پڑا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کے طور پر فی کس 10 ہزار روپئے ادا کئے ہیں۔ حکومت فصلوں کے نقصانات کا تخمینہ کرنے کے بعد امدادی رقم کا اعلان کرے گی۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر سے خواہش کی کہ امداد اور بازآبادکاری کے کاموں کے سلسلہ میں مرکز سے فوری فنڈس جاری کئے جائیں۔ انہوں نے مرکز سے خواہش کی کہ آفات سماوی فنڈس کے خرچ کے سلسلہ میں شرائط میں نرمی پیدا کی جائے۔ این ڈی آر ایف فنڈس میں 50 فیصد رقم خرچ کرنے سے متعلق شرط میں نرمی کی درخواست کی گئی تاکہ سیلاب کے متاثرہ علاقوں میں این ڈی آر ایف فنڈس خرچ کئے جاسکیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ آندھراپردیش میں بھاری بارش کے سبب تلنگانہ کے کھمم اور محبوب آباد اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے آندھراپردیش کی طرح تلنگانہ کیلئے بھی فراخدلانہ امداد کی منظوری کی درخواست کی۔ مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے واضح کیا کہ آفات سماوی سے نمٹنے اور امدادی کاموں کے سلسلہ میں پارٹی اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر مرکزی حکومت فنڈس جاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست دونوں مل کر متاثرین کی مدد کرنی چاہئے ۔ شیوراج سنگھ چوہان نے دونوں تلگو ریاستوں کو مرکز سے مناسب امداد جاری کرنے کا تیقن دیا۔