کانگریس نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو ان کی سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کی۔ اس ضمن میں پارٹی کے صدر ملکار جن کھرگے نے کہا کہ منموہن سنگھ ’ایک سچے وزیراعظم‘ تھے جن کا عمل ان کے الفاظ سے زیادہ بولتا تھا۔ خیال رہے کہ آج منموہن سنگھ ۹۱؍ سال کے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے ۲۰۰۴ء سے ۲۰۱۴ءتک بطور وزیراعظم ملک کی قیادت کی تھی۔ انہوں نے پی وی نرسمہا راؤ کی اقتدار والی حکومت میں بطور وزیرمالیات بھی اپنی خدمات انجام دی ہیں۔
کھرگے نے منموہن سنگھ کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست میں سادگی،وقار اور فضل کی عمدہ مثال ہیں۔ وہ ایک سچے وزیراعظم تھے جن کے عمل ان کے الفاظ پر بھاری تھے۔ ہم ملک کیلئے ان کی غیر معمولی شراکت داری کیلئے خوش نصیب ہیں۔ میں ان کیلئے صحت، خوشی اور لمبی زندگی کیلئے دعا گوہ ہوں۔
راہل گاندھی نے بھی ملک کیلئے منموہن سنگھ کی خدمات کا اعتراف کیا اور کہا کہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی سادگی، ملک کی ترقی کیلئے غیر معمولی عزم اور غریبوں کی معاشی ترقی کیلئے کی گئی جدوجہد ہمیشہ مجھے متاثر کریں گی۔ ان کی سالگرہ پر ان کیلئے صحت اور خوشیوں بھرا پیغام۔
کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی منموہن سنگھ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ منموہن سنگھ کو سالگرہ کی پرخلوص مبارکباد! انہوں نے ایک لیڈر کے طور پر ہمیں سیاست میں انسانیت اور صبر کی اہمیت سےآگاہ کیا۔ ایک وزیراعظم کےطور پران کی دانائی، ایمانداری، عزم اور جذبہ نے ملک کیلئے ۲۱؍ ویں صدی میں آگے بڑھنے کا راستہ ہموار کیا ہے ۔ہم ہمیشہ ان کی عزت کریں گے۔