پیر سے پارلیمنٹ کے ۵؍ روزہ خصوصی اجلاس سے قبل اتوار کو کل جماعتی میٹنگ میں اپوزیشن اور حکمراں محاذ میں شامل متعدد پارٹیوں نے خواتین ریزرویشن بل کو پاس کرانے پر زوردیا جبکہ حکومت نے’مناسب وقت پر مناسب فیصلے‘کی بات کہی۔اس کے ساتھ ہی نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکر نے اتوار کو نئی عمارت پر قومی پرچم لہرایا۔
پیر کو اجلاس کے پہلے دن دونوں ایوانوں کی کارروائی پرانی عمارت میں ہوگی جبکہ منگل کو گنیش چترتھی کی مناسبت سے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کو نئی عمارت میں منتقل کردیا جائےگا۔ حکومت ۵؍ روزہ اجلاس میں ۴؍ بل پیش کرے گی۔اس کا زور الیکشن کمشنر کی تقرری کے نظام کو بدلنے کیلئے تیارکئے گئے بل کو منظور کروانے پر ہوگا جبکہ کانگریس نے اڈانی معاملے کو اٹھانے کا اشارہ دیا ہےا ور تیلگودیشم پارٹی نے اپنے سربراہ چندرا بابو نائیڈو کی گرفتاری پر لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں صدائے احتجاج بلند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اجلاس کے ہنگامہ خیز ہونے کا قوی امکان ہے۔ اتوار کو نئی پارلیمنٹ کی لائبریری بلڈنگ میں کل جماعتی میٹنگ ہوئی، جس میں اپوزیشن کے لیڈر بھی شریک ہوئے۔ پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں پارلیمنٹ کے۷۵؍ سالہ سفر پر بحث کی جائے گی، جس کا پہلا اجلاس ۹؍ دسمبر۱۹۴۶ء کو ہوا تھا۔ اس خصوصی اجلاس کے حوالے سے مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں ۔ طویل انتظار کے بعد حکومت نے اس کا ایجنڈہ جاری کیا اور بتایا کہ وہ ۴؍ بل پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اتوار کو بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ میں کانگریس ، بیجو جنتا دل(بی جے ڈی) اور بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) سمیت کئی علاقائی پارٹیوں نے خواتین ریزرویشن بل کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے پر اصرار کیا۔ میٹنگ کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہاکہ کل جماعتی میٹنگ میں ۳۴؍پارٹیوں کے۵۱؍ لیڈروں نے شرکت کی، یہ اجلاس ۵؍دنوں تک چلے گا۔ سب سے پہلے کشمیر میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ۴؍بل ایجنڈے میں ہیں ۔ کچھ بی اے سی میں زیر التواء ہیں اس طرح کل ۸؍بل ہیں ۔ اس تعلق سے کئی جماعتوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، لیکن حکومت اپنے ایجنڈے پر کام کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے دن پرانی عمارت میں دونوں ایوانوں میں جمہوریت کے ۷۵؍ سال پر گفتگو ہوگی۔ اس بیچ کانگریس نے مطالبہ کیا ہےکہ پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران خواتین کے ریزرویشن بل کو منظوری دی جائے۔ جے رام رمیش نے کہاکہ کانگریس پارٹی۹؍ برسوں سے مطالبہ کررہی ہے کہ خواتین ریزرویشن بل جس کو پہلے ہی راجیہ سبھا میں منظوری دے دی گئی ہے، لوک سبھا میں منظوری دی جائے۔
اس سےقبل نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکر نےپارلیمنٹ کی نئی عمارت پر قومی پرچم لہراتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ایک دور کی تبدیلی کا گواہ بن رہا ہے اور دنیا ہندوستانی طاقت، صلاحیت اور شراکت کو تسلیم کر رہی ہے۔نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین نے نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے صحن کے گیٹ پر قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا بھی موجود تھے۔ نائب صدر نے اسے’’ترقی کے سفر میں ایک تاریخی لمحہ اور سنگ میل‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک ایسے وقت میں ہیں جہاں ہم ترقی اور کامیابیاں دیکھ رہے ہیں جن کے تعلق سے ہم نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔