منی پور کے کانگوکپی ضلع میں مسلح شرپسندوں کے اندھا دھند فائرنگ کی وجہ سے ۳؍ افرادجاں بحق ہو گئے ہیں۔ یہ واردات ضلع کے کانگوئی علاقے کے ارینگ اور کرم وفاہی نامی ۲؍ گاؤں کے درمیان ۸؍ بجکر ۳۰؍ منٹ پر پیش آئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق علاقے میں تعینات سیکوریٹی فورس نے مشتبہ افراد کو پکڑنے کیلئے سرچ آپریشن جاری کر دیا ہے۔ اس ضمن میں کانگوپی کے ایڈیشنل سپریٹنڈنٹ پولیس آفیسر تھولو راکی کا کہنا ہے کہ یہ واردات اس وقت پیش آئی جب کوکی برادری کے ۳؍ افراد اپنی گاڑی سےسفر کر رہے تھے۔ مسلح شرپسندوں نے ان کا راستہ روک کر ان پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ رپورٹس میں گولی بارود کا ذکر ہے جبکہ کوئی گولی باری نہیں ہوئی۔ ہم نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور مشتبہ افراد کو جلد حراست میں لے لیں گے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایک پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور آسام رائفلس جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے۔ سیکیوریٹی فورسیس نے بھی اپنا سرچ آپریشن جاری کر دیا ہے۔
کوکی امبریلا گروپ آئی ٹی ایل ایف نے مہلوکین کی شناخت ستا نیو تبوئی، نگامنلن لاہووم اور نگامنلن کپگن کے طور پر کی ہے۔ سی او ٹی آئی ( کمیٹی آن ٹرائبل یونیٹی) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ تینوں کوکی زو کے رہائشی تھے اور مشتبہ افراد نے فوجیوں کابھیس بدل کر ان پر فائرنگ کی تھی۔خیال رہے کہ ریاست میں جاری تشدد کے درمیان ۸؍ ستمبر کو بھی ضلع کے پالیل علاقے میں ۲؍ افراد کی موت ہوئی تھی جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
منی پور تشدد میں اب تک ۱۷۰؍ سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ لاکھوں لوگ بے گھر بھی ہوئے ہیں۔۳۱؍ اگست کو بھی تشدد کی ایک واردات میں کوکی اور میتی برادری کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں ۸؍ افراد کی موت ہوئی تھی اور ۳؍ افسران زخمی ہوئے تھے۔