تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اپنے بیٹے ادھے ندھی اسٹالن کے سناتن دھرم کے خلاف بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد ان اصولوں پر تھا جو درج فہرست ذاتوں، قبائلیوں اور خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے تفصیلی بیان میں کہا کہ متعدد ہندوستانی لیڈران جیسے تھانتھائی پیریار، مہاتما جیوتی راؤ پھولے اور بابا صاحب امبیڈکر نے بھی سناتن کے نظریات کے خلاف بیان دیا تھا جو’’ کسی کی بھی پیدائش کی بنیاد پر تفریق کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں تک چندریان ۳؍کے لانچ میں بھی کچھ لوگوں نے ذاتی امتیاز کو پھیلانے کا سلسلہ جاری رکھا اور ورناشرم کے اصولوں کی بنیاد پر سماجی درجہ بندی پر زور دیا۔ ادھے ندھی نے صرف اس طرح کے نظریات کے خلاف اور ان نظریات کی بنیاد پرکئے جانے والے عمل کو روکنے کی بات کی تھی۔
خیال رہے کہ ڈی ایم کے لیڈر ادھے ندھی اسٹالن نے تمل ناڈو میں ایک تقریب کے دوران سناتن دھرم کے خلاف کہا تھا کچھ چیزوں کی مخالفت نہیں کی جا سکتی انہیں صرف ختم کرنا ہوتا ہے۔ ہم ڈینگو، ملیریایا مچھروں کی مخالفت نہیں کر سکتے ہمیں انہیں مٹانا ہوگا۔ اسی طرح ہمیں سناتن دھرم کو بھی مٹانا ہوگا۔ سناتن کی مخالفت کرنےکے بجائے ہمیں اسے مٹانا چاہئے۔