بھارت جوڑو یاترا کی پہلی سالگرہ کے موقع پر راہل گاندھی نے کہا کہ یاترا اس وقت تک جاری رہے گی جب تک نفرت کو ختم نہ کر دیا جائے اور ہندوستان متحد نہ ہو جائے۔ انہوں نے اس ضمن میں اپنے ایکس پوسٹ پر کنیا کماری سے کشمیر تک کی بھارت جوڑو یاترا کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس کا آغاز پچھلے سال آج کے دن ہی ہوا تھا۔ انہوں نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ اتحاد اور محبت کی جانب بھارت جوڑو یاترا کے کروڑوں قدم ملک کے بہترین مستقبل کی بنیاد بنیں گے۔ یہ سفر تب تک جاری رہے گا جب تک ہندوستان سے نفرت کا خاتمہ نہیں ہو جاتا اورہندوستان متحد نہ ہو جاتا۔ یہ میرا وعدہ ہے۔ خیال رہے کہ یاترا کے دوران راہل گاندھی نے ۱۲؍ عوامی میٹنگس، ۱۰۰؍ سے زائد اسٹریٹ کارنرمیٹنگس اور ۱۳؍ سے زائد پریس کانفرنس سے خطاب کیا تھا۔ اس ضمن میں متعدد ماہرین نے کہا تھا کہ یاترا کا کانگریس کو سب سے زیادہ فائدہ یہ ہوا کہ اس یاترا نے راہل گاندھی کی شخصیت کو منفرد انداز میں پیش کیا اور انہیں پارٹ ٹائم اور ضدی سیاستداں سے بالغ اوراپنے مخالفین کو سنجیدہ لینے والے سیاستداں میں تبدیل کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ راہل گاندھی نے یاترا کے دوران نہ صرف اپنے اتحادیوں بلکہ اپنے مخالفین کی توجہ بھی حاصل کی تھی۔ یاترا میں نہ صرف سیاستدانوں بلکہ اداکاروں جیسے کمل حسن، پوجا بھٹ، ریاسین، سورا بھاسکر، رشمی دیسائی ، آکانشا پوری اور امول پالیکر نے بھی شرکت کی تھی۔ علاوہ ازیں مصنفین اور سابق فوجی چیف جنرل دیپک کپور اور سابق نیوی چیف ایل رامدس نے بھی شرکت کی تھی۔آر بی آئی کے سابق گورنر رگھورام راجن اور سابق فائنانس سیکریٹری اروند میارام نے بھی یاترا میں شرکت کر کے اسے کامیاب بنایا تھا۔ اپوزیشن لیڈرا ن فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی اور آدتیہ ٹھاکرے بھی راہل کی کامیاب یاترا کا حصہ بنے تھے۔یو بی ٹی شیوسینا لیڈر سنجے راؤت اور این سی پی لیڈر سپریہ سلے بھی یاترا میں شامل ہوئے تھے۔