سکل مراٹھا سماج کی جانب سے ناندیڑ بند کے اعلان کے سبب اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) کی سبھی بس خدمات روک دی گئی تھیں ۔ناندیڑ کے بس ڈپو سے صبح سے ایک بھی بس کسی بھی شہر کیلئے روانہ نہیں کی گئی جس کی وجہ سے مختلف مقامات پر جانے والےمسافر بس اسٹینڈ پر بس کاانتظار کرتے رہے ۔لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔بہت سے لوگوں کو آج ناندیڑ بند کی پیشگی اطلاع نہیں تھی اس لئے وہ ناندیڑ میں ہی رکنے پر مجبور ہوگئے ۔انہیں اپنے اپنے مقامات پر روانہ ہونے کیلئے کوئی بس نہیں مل سکی ۔خاص طورپر ضعیف اور خواتین جنہیں بس کے سفر میں سہولت کا فائدہ ملتاہے ،انہیں سب سے زیادہ پریشانی اٹھانی پڑی ۔اسی طرح اسکول اورکالج جانے والے طلبہ کو بھی چھٹی کرنی پڑی ۔ بسیں کب شروع کی جائیں گی؟ اس بارے میں بھی کوئی اطلاع نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے مسافروں میں بے چینی پائی جارہی ہے ۔
پونے سے جالنہ تک بسیں بند
جالنہ لاٹھی چارج واقعہ کی وجہ سے پونے سے جالنہ جانے والی بس خدمات گزشتہ ۳؍ دن سے روک دی گئی ہیں۔ شیواجی نگر بس اسٹینڈ سے جالنہ، چھترپتی سمبھاجی نگر، لاتور اورناندیڑ جانے والی بسوں کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مراٹھواڑہ جانے والی بسیں بند ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
تلاٹھی کا امتحان دینےوالے اُمیدواروںکو پریشانی
کئی اضلاع میں بند کی وجہ سے طلبہ کوتلاٹھی بھرتی کیلئے امتحانی مراکز تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسی بھی شکایت ملی ہےکہ تاخیرسے امتحانی مراکز پہنچنے سے اُمیدواروںکو امتحان گاہ میں جانےکی اجازت نہیں دی گئی۔ چند اُمیدواروں نےاس ضمن میں ٹویٹر پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔رکن اسمبلی روہت پوار نے اس معاملہ میں ٹویٹر پر دعویٰ کیا ہے کہ اگر طلبہ ایک منٹ بھی لیٹ ہوتے ہیں تو انہیں امتحانی مرکز میں داخل ہونے نہیںدیا جاتا ہے۔متعدد طلبہ تلاٹھی بھرتی امتحان کیلئے دوسرے ضلع جاتےہیں، ان میں سے بیشتر اُمیدوار ایس ٹی بس سے سفر کرتے ہیں لیکن ایس ٹی بس خدمات متاثر ہونے سے طلبہ کو امتحانی مرکز تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ریاستی حکومت کو اس کا فوری نوٹس لے کر غورکرنا چاہئے۔