بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی فلم’’جوان‘‘ کا ٹریلر آج ریلیز ہوگیا ہے۔ شاہ رخ نے ایکس (پہلے ٹویٹر کے نام سے جانا جاتا تھا) پر ٹریلر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’’انصاف اور جوان، خواتین کا انتقام، ماں اور بیٹے کا، اور یقیناً تفریح سے بھرپور!‘‘جیسے ہی یہ پوسٹ شیئر ہوا مداح اپنے آپ پر قابو نہیں رکھ سکے اور چند ہی منٹوں میں یہ وائرل ہوگیا۔ سوشل میڈیا صارفین ٹریلر پر لاکھوں لائیک دے چکے ہیں جبکہ ایکس پر فلم کی ٹیم کیلئے مبارکباد کے پیغامات گردش کررہے ہیں۔ یوٹیوب پر یہ ٹریلر ۲؍ گھنٹے میں ایک ملین مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔ ٹریلر میں شاہ رخ خان زبردست ایکشن کرتے نظر آرہے ہیں۔ فلم میں شاہ رخ کے مختلف اوتار نے مداحوں کے درمیان بحث چھیڑ دی ہے کہ کون سا کردار زیادہ بہتر ہے۔ ٹریلر میں دپیکا پڈوکون بھی چند سیکنڈز کیلئے نظر آئیں جبکہ اس سے قبل ریلیز کئے گئے پریویو میں شاہ رخ خان لڑکیوں کے ایک گروہ کے ساتھ ایکشن کرتے نظر آئے تھے۔ وجے سیتھوپتی نے ایک خطرناک ویلن کا کردار ادا کیا ہے۔ ۲؍ منٹ ۴۵؍ سیکنڈ کے ٹریلر سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ فلم ایکشن اور تفریح سے بھرپور ہوگی۔
یاد رہے کہ فلم ۷؍ ستمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہو گی۔ گزشتہ دن چنئی میں ایک شاندار تقریب میں فلم کی کاسٹ نے مداحوں سے فلم کے بارے میں گفتگو کی تھی۔