وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے روزگار میلہ میں شرکت کرتے ہوئے ۵۱؍ ہزار افراد سے زیادہ افراد میں تقرری نامے تقسیم کئے۔اس موقع پر جہاں وزیر اعظم نے سیکوریٹی فورسیز میں تقرری پانے والے افراد کو’’امرت رکشک‘‘ قرار دیا وہیں کانگریس نے تنقید کا نشانہ بنایا۔ ملکارجن کھرگے نے الزام لگایا کہ وزیراعظم مودی سرکاری ملازمین کےپرموشن کے لیٹر کو بھی تقرری نامہ بنا کراپنی تشہیر کروارہے ہیں۔اس سلسلے میں ا نہوں نے مختلف محکموں میں ہونے والی بھرتیوں ا ور پرموشن کے اعدادوشمار پیش کرکے اپنے دعوے کے حق میں دلیل بھی پیش کی۔
بہرحال تقرری نامہ تقسیم کرتے ہوئے وزیراعظم نے مختلف سیکوریٹی فورسیز میں بھرتی ہونےو الے جوانوں کو ’’امرت رکشک‘‘ قرار دینے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ نئے تعینات ہونے والے نہ صرف ملک کی خدمت کریں گے بلکہ ملک اور اہل وطن کی بھی حفاظت کریں گے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ روزگار میلہ کا یہ ایڈیشن ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب قوم فخر اور اعتماد سے پُرہے۔ انہوں نے کہا کہ چندریان-۳؍ اور پرگیان روور چاند کی تازہ ترین تصاویرمسلسل بھیج رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے نیم فوجی دستوں کی بھرتی میں بڑی تبدیلیوں کا ذکر کیا اور بتایا کہ درخواست داخل دینے سے حتمی انتخاب تک بھرتی کا عمل تیز ہو گیا ہے۔
کانگریس صدر ملک ارجن کھرگے نے روزگار میلہ کو ’’پی آر اسٹنٹ‘‘ (بھونڈی تشہیر) قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سرکاری ملازمین کو پروموشن لیٹر بانٹتے ہیں اوران کے ساتھ فوٹو کھینچوا کر انہیں بھی سرکاری ملازمت میں نئی تقرری بتاکر تشہیر کرتے ہیں۔ کھرگے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی صرف اپنی تشہیر میں یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے مودی سرکار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’سالانہ ۲؍کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرکے، مودی جی ماہانہ قسطوں کی شکل میں نوجوانوں کو چند ہزار تقرری نامے بانٹ رہے ہیں۔ وہ آج بھی ایسے ہی لیٹر تقسیم کریں گے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ان میں سرکاری ملازمتوں میں پرموشن پانے والوں کے نام بھی ہیں۔‘‘ انہوں نےا س کیلئے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں تقرری کے نام پر تقسیم کئے گئے لیٹرس کا حوالہ دیا اور وہاں نکلنے والی بھرتیوں اور پروموشن کی تعداد بتائی۔