’چندریان۔۳‘ کی کامیابی کا پورا کریڈٹ لینے کی بی جے پی کی کوششوں کا کانگریس نے سخت جواب دیا ہے۔ کانگریس نے شدت کے ساتھ اس بات کو ملک کے عوام کے سامنے رکھا ہے کہ ’اسرو‘ کا قیام ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے کیا تھا اور چاند پر کمندڈالنے کی ہمارے سائنسدانوں کی کوشش دراصل انہیں کےخوابوں کی تعبیر ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمان اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے انڈین اسپیس ریسرچ ایجنسی (اسرو) کی تشکیل میں ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت نہرو کے تعاون کو ’ہضم نہ کرنے‘ کیلئے بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ جے رام رمیش نے کہا کہ پنڈت نہرو صرف بڑی باتیں نہیں کرتے تھے بلکہ بڑے فیصلے بھی کرتے تھے۔
چندریان۔۳؍ کی چاند پر تاریخی لینڈنگ کے بعد حکمران جماعت بی جے پی اور اپوزیشن کانگریس کے درمیان ہندوستان کے خلائی پروگرام پر لفظی جنگ جاری ہے۔ کانگریس اس کیلئے ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی کوششوں کو کریڈٹ دے رہی ہے، جبکہ حکمراں جماعت بی جے پی کا کہنا ہے کہ۲۰۱۴ء کے بعد اس علاقے میں بڑی ترقی ہوئی ہے اور اس کا سہرا وزیراعظم نریندر مودی کے سر بندھتا ہے۔
اس دوران جے رام رمیش نے بی جے پی پر تازہ حملہ کیا ہے۔ انہوںنے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ’’ `نہرو سائنسی نقطہ نظر کو فروغ دیتے تھے۔ جو لوگ اسرو کی تشکیل میں ان کے تعاون کو ہضم نہیں کر پا رہے ہیں، وہ ٹی آئی ایف آر (ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف فنڈامینٹل ریسرچ) کے یوم تاسیس پر ان کی تقریرسنیں۔ بادلوں سے راڈار کی حفاظت کرنے والے ’سائنسداں‘ کی طرح انہوں نے صرف بڑی باتیں نہیں کیں بلکہ بڑے فیصلے بھی کئے۔ اس کے ساتھ انہوں نے نہرو کی تقریر بھی شیئر کی۔
خیال رہے کہ ۲۳؍ اگست کو، اسرو کے تیسرے چاند مشن چندریان نے چاند کے جنوبی قطب پر سافٹ لینڈنگ کرکے تاریخ رقم کی۔ امریکہ، سابق سوویت یونین اور چین کے بعد ہندوستان چاند پر کامیابی سے اُترنے والا چوتھا اورچاند کے اس خطے تک پہنچنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
چندریان۳؍ کی کامیابی کے بعد کانگریس نے کہا تھا کہ یہ ہر ہندوستانی کی اجتماعی کامیابی ہے۔ یہ اسرو کی کامیابیوں کے تسلسل کی کہانی کو ظاہر کرتا ہے، جو واقعی شاندار ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ہندوستان کا خلائی سفر۱۹۶۲ء میں انڈین نیشنل کمیٹی فار اسپیس ریسرچ کے قیام سے شروع ہوا تھا، جو ہومی بھابھا اور وکرم سارا بھائی کی دور اندیشی کے ساتھ ہی پنڈت نہروکی پرجوش حمایت کا نتیجہ تھا۔ بعدمیں نہرو نےاگست ۱۹۶۹ء میں سارا بھائی کی قیادت میں انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو)قائم کیا۔