جس شوبھا یاترا کی وجہ سے ۳۱؍ جولائی کو نوح میں تشدد پھوٹ پڑا تھا، اسے ۲۸؍ اگست کو پھر اُسی علاقے سے نکالنے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود وی ایچ پی نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ’’یاترا ہر حال میں نکلے گی، نہ جھکے ہیں، نہ جھکیں گے ۔‘‘ بھگوا تنظیم کے ان تیوروں کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ الرٹ ہوگیاہے۔حکم امتناعی نافذ کردیاگیا ہے، یوپی اور راجستھان سے متصل سرحدیں سیل کردی گئی ہیں، انٹرنیٹ ۳؍ دنوں کیلئے معطل اور اسکولوں کالجوں میں چھٹی کا اعلان کردیا گیاہے۔
وزیراعلیٰ کھٹر کو خاطر میں نہ لانے کا اعلان
وشوہندو پریشد( وی ایچ پی) کی مجوزہ یاترا کے تعلق سے ریاستی وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے اعلان کیا ہے کہ اس یاترا کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ یہ حوالہ دیتے ہوئے کہ اس سے پہلے نوح میں تشدد برپا ہوچکا ہے، اس لئے احتیاط برتی جا رہی ہے، کھٹر نے لوگوں اپنے قریب کے مندر میں پوجا کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ ’’ مندروں میں پوجا کا سب کو حق حاصل ہے۔‘‘
وی ایچ پی کے باغیانہ تیور
اس کے رد عمل میں وی ایچ پی کے قومی ترجمان ونود بنسل نے باغیانہ تیوروں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ’’ یاترا اپنے وقت پر نکلے گی۔(پیر کو صبح) ۱۱؍ بجے شروع ہوگی۔ اس کیلئے ہمیں کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ۔ ساون کا آخر چل رہا ہے، اس میں جل چڑھانا بنیادی حق ہے۔ ‘‘ وی ایچ پی کے بین الاقوامی چیف ویریش شانڈیلیا جوگنگا جل لینے کیلئے ہری دوار گئے ہوئے تھے نے واپسی پر انبالہ میں کہا کہ’’ نوح یاترا ہر حال میں ہوگی، نہ جھکے ہیں، نہ جھکیں گے۔‘‘
ہریانہ کے وزیراعلیٰ کی بے بسی
دوسری طرف وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر شدت پسند تنظیم کے آگے بے بس نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یاترا سے گریزکریں اور مقامی سطح پر اپنے اپنے مندر میں پوجا کو کرلیں۔ سیکوریٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ امن قائم رکھا جائے۔ یاترا کی اجازت نہیں دی گئی اور نوح میں دفعہ ۱۴۴؍ نافذ کر دی گئی ہے۔‘‘
پولیس افسران کے ساتھ ہنگامی میٹنگ
نوح میں پیر کو شوبھا یاترا نکالنے کے وی ایچ پی کے اصرار کے بعدوزیر اعلیٰ ٰمنوہر لال کھٹر نے ڈی جی پی شتروجیت کپور اور سی آئی ڈی چیف اے ڈی جی پی آلوک متل کے ساتھ ۲؍ گھنٹہ تک میٹنگ کی۔ بتایا جارہاہے کہ میٹنگ میں نوح کی موجودہ صورت حال اور یاترا نکالنے کی صورت میں پیدا ہونے والے ممکنہ حالات سے متعلق انٹیلی جنس معلومات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سوشل میڈیا کی نگرانی
اس دوران ڈی جی پی شتروجیت کپور نے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد سرحدوں پر اضافی چوکسی کی ہدایت اور سوشل میڈیا پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ نوح کی تمام سرحدیں سیل کر دی گئی ہیں ۔ یہاں نوح میں پیر کو بینک بھی بند رہیں گے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ۵۷؍ اسپیشل ڈیوٹی مجسٹریٹ تعینات کئے گئے ہیں۔ پولیس نے نشاندہی کی ہے کہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن پیغامات چل رہے ہیں جن میں یہ دعویٰ کیا جارہاہے کہ انتظامیہ نے شوبھا یاترا کی اجازت دیدی ہے جبکہ اجازت نہیں دی گئی۔