مودی اور بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے قومی سطح پر اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے کیلئے بنائے گئے ’انڈیا‘ محاذ کی میٹنگ ۳۱؍ اگست اور یکم ستمبر کو ممبئی میں منعقد ہوگی۔ اس اتحاد میں ۲۶؍ جماعتیں شامل ہیں۔میٹنگ کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔
اس سلسلے میں کانگریس ورکنگ کمیٹی(سی ڈبلیو سی) کے رکن و سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان نے بتایاکہ ’’۳۱؍ اگست کو مختلف سیاسی پارٹیوںکے لیڈروں کی غیر رسمی بات چیت ہوگی اور یکم ستمبر کو تفصیلی اجلاس ہوگا جس میں ’ انڈیا ‘ کے ایجنڈے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ انڈیا کی تشکیل میں ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی کانگریس نے اہم رول ادا کیا ہے اور انڈیاکی میٹنگ میں رکن پارلیمان راہل گاندھی بھی شرکت کریں گے۔‘‘ انہوں نے کہاکہ ’’انڈیا کی میٹنگ کے بعد مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کےآفس تلک بھون میں راہل گاندھی کیلئے اعزازی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر جن سمواد یاترا کے لوگو کی نقاب کشائی بھی کی جائے گئی۔ راہل گاندھی نے منی پور میں مسجدوں، مندوروں اور چرچ کو منہدم کرنے اور وہاں خواتین کا قتل اور عصمت دری کا معاملہ پارلیمان میںاٹھایا تھااور یہ بھی کہا تھا کہ منی پور میں ہندوستان کا قتل کیا گیاہے۔
کانگریس نے ہمیشہ فرقہ پرستوں کی مخالفت کی
نمائندۂ انقلاب کےاس سوال پر کہ کیا فرقہ وارا نہ کشیدگی بھی انڈیا کے ایجنڈے میں شامل ہوگا؟ اس پر کہا کہ کانگریس فرقہ پرست طاقتوں کی ہمیشہ مخالف رہی ہے اور سیکولر جماعت بن کر ہی دیش میں پھیلی ہے۔لہٰذا ملک کے آئین پر جو بھی لوگ یقین رکھتے ہیں وہ ہم سے جڑ رہے ہیں ۔‘‘
اس سلسلے میں ایم پی سی سی کے ورکنگ صدر نسیم خان نے کہا کہ’’مہاراشٹر حکومت ممبئی اور ریاست کے دیگر علاقوں میں ہجومی تشدد کو روکنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔‘‘
چندریان ۳؍ اسرو کی کامیابی ہے
چندیان ۳؍ کی کامیابی پر مودی کےذ ریعے کریڈٹ لینے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اشوک چوان نے کہاکہ’’ یہ کسی سیاسی پارٹی کی نہیں بلکہ انڈین اسپیس ریسرچ ارگنائزیشن (اسرو ) اور اس کے سائنسدانوں کی مسلسل جد و جہد کا صلہ اور ان کی کامیابی ہے۔ چندریان کا سفر جواہر لال نہرو نے شروع کیاگیا۔ چاند پر پہنچنے میں چندیان ۲؍ ناکام ہوا تھا اس کے باوجود اسرو کے سائنسدانوں نے اپنی مسلسل محنت جاری رکھی اور آخر کار چندریان ۳؍ کی کامیاب لینڈنگ چاندپر کی گئی۔ اس کا سیاسی کریڈٹ لینا درست نہیں۔‘‘