بہار کےارریہ ضلع میں چند نامعلوم افراد نے ایک صحافی پر گولی چلائی جس کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی۔ پولیس کی اطلاعات کے مطابق مہلوک صحافی ومل کمار یادو(۳۵) کو پریم نگر گاؤں میں ان کی رہائش گاہ پر قتل کیا گیا۔ وہ ایک ہندی ڈیلی میں کام کرتے تھے۔ اس ضمن میں بہار پولیس نے ٹویٹ کیا ہے کہ صبح ۵؍ بجکر ۳۰؍ منٹ کے قریب اجنبی ملزمین نے مہلوک کے گھر پر دستک دی،جیسے ہی اس نے دروازہ کھولا نامعلوم افراد نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے سبب وہ جائے وقوع ہی پر ہلاک ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ضلعی پولیس کے چیف اور رانی گنج کے ایس ایچ او جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے۔ حادثے کے تعلق سے ارریہ پولیس کے سپریٹینڈینٹ اشوک کمار سنگھ نے کہا کہ جانچ کیلئے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ فورینسک ماہرین بھی جائے وقوع پر موجود ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ مہلوک کا اپنے پڑوسی کے ساتھ کوئی پرانا جھگڑا تھا۔ اس زاویئے سے بھی معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
صحافیوں نےجب بہار کے وز یراعلیٰ نتیش کمار سے اس واردات کے تعلق سے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے اس پر افسوس ہے اور میں نے فوری طورپر متعلقہ حکام سے اس کی تفتیش کرنے کیلئے کہا ہے۔ جلد ہی ملزمین کو حراست میں لے لیا جائے گا۔ تاہم، اپوزیشن نےبہار حکومت پر حملہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ واردات ظاہر کر رہی ہے کہ بہار میں جمہوریت خطرے میں ہے۔ ریاستی بی جے پی صدر سمرت چودھری نے الزام عائد کیا کہ بہارمیں مجرمین کھلے عام گھوم رہے ہیں جبکہ صحافی اور پولیس افسر سمیت شہریوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔