لوک سبھا کی کارروائی کے دوران اپوزیشن لیڈر کی جانب سے ٹوکے جانے پر انہیں چپ کراتے ہوئے بی جے پی کی رکن پارلیمان اور مرکزی وزیر میناکشی لیکھی کی یہ دھمکی کہ ’’ایک منٹ، ایک منٹ…شانت رہو،تمہارے گھر نہ ای ڈی آجائے‘‘ تنازع کا سبب بن گئی ہے۔ پارلیمنٹ کی کارروائی کے دوران اپوزیشن لیڈر کو ای ڈی سے ڈرانے کی اس کوشش کو خود حکومت کی جانب سے اس الزام کی تصدیق کے طور پر دیکھا جارہاہے کہ وہ جانچ ایجنسی کا اپوزیشن کے خلاف ’’غلط استعمال‘‘ کررہی ہے۔
میناکشی لیکھی جمعرات کو لوک سبھا میں دہلی سروسیز بل پر بحث میں حصہ لے رہی تھیں اور بل کی تائید کررہی تھیں تب اپوزیشن کے ایک لیڈر نے انہیں ٹوکنے کی کوشش کی تو انہوں نے یہ دھمکی دے ڈالی۔ این سی پی کے ترجمان کلائیڈ کراسٹو کے مطابق لیکھی کا یہ بیان اپوزیشن کے اس الزام کی تصدیق کرتاہے کہ مرکز اس کے لیڈروں کے خلاف مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کررہی ہے۔
یوتھ کانگریس کے صدر سری نواس بی وی نے بھی سوال کیا ہے کہ ’’یہ انتباہ ہے یا دھمکی؟‘‘ ٹی ایم سی کے نومنتخب رکن پارلیمنٹ ساکیت گوکھلے نے میناکشی لیکھی کے بیان کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے جمعرات کو کئے گئے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’آج مرکزی وزیر میناکشی لیکھی نے حیرت انگیز طور پر پارلیمنٹ میں اپوزینش کو دھمکی دی اور کہا کہ چپ ہوجاؤ ورنہ ای ڈی آپ کے گھر پہنچ جائےگی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’بی جےپی لیڈر اب پارلیمنٹ میں بولنے پر بھی کھلے عام ای ڈی کی دھمکی دے رہے ہیں۔ اب تک انتقامی جذبہ کو چھپایا بھی نہیں جارہاہے۔‘‘
بھارت راشٹریہ سمیتی کے لیڈر اینوگو بھارت ریڈی نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’بڑاشرمناک ہے کہ بی جےپی لیڈر اب پارلیمنٹ میں بولنے پر بھی ای ڈی کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔‘‘دلچسپ بات یہ ہے کہ خبر لکھے جانے تک مرکزی وزیر کے مذکورہ بیان پر حکمراں محاذ کی جانب سے کوئی وضاحت بھی نہیں آئی تھی۔