نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں ہفتہ کے روز موسلا دھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے شہر میں کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک جام ہو گیا۔ بدر پور میٹرو اسٹیشن، آر کے پورم اور ایمس میں پانی جمع ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جبکہ متھرا روڈ، مہرولی اور پیر گڑھی میں صبح کے وقت بھاری ٹریفک جام دیکھا گیا۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ دہلی، ہماچل پردیش، پنجاب اور ہریانہ میں جمعہ سے اتوار تک کافی ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی۔ بارش کے بعد، قومی راجدھانی میں ہفتہ کو کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سیلسیس تک گر گیا، جو موسم کے اوسط سے دو درجے کم ہے۔
آئی ایم ڈی نے دن بھر ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کی توقع ہے اور ہفتہ کی صبح 8.30 بجے نسبتا نمی 100 فیصد ریکارڈ کی گئی۔