رائے گڑھ میں پچھلے ۲۴؍ گھنٹوں میں ۱۰۴ ؍ ایم ایم بارش درج کی گئی ہے ۔ انتظامیہ کے مطابق ضلع میں اب تک مانسون کی ۶۴؍ فیصد بارش ہو چکی ہے ۔ واضح رہےکہ منگل کی شب محکمہ موسمیات نے رائے گڑھ کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا تھااور رائے گڑھ کے کچھ مقامات پر بھاری سے بھاری بارش کی پیشین گوئی کی تھی ۔ضلعی کلکٹر یوگیش مہاسے نے ضلع میں اسکولوں اور کالجوں کیلئےتعطیل کا اعلان کیاہے۔ ڈیٹا ظاہر کرتے ہیں کہ۲۴؍ گھنٹوں کے وقفے کے بعد بدھ کی صبح ۱۰؍ بجے تک ضلع میں ۱۰۴؍ ایم ایم بارش درج کی گئی تھی اس درمیان مہاڈ تعلقہ میں ۱۴۵؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ علی باغ میں بارش کا تناسب سب سے زیادہ کم ۴۵؍ ایم ایم رہا۔ پنویل، کرجت، مانگاؤں، پولاد پور، مہاسالا تعلقہ میں ۱۲۰؍ ایم ایم بارش درج کی گئی۔ علی باغ، خالہ پور، ارن ، مورود، پین، سدھا گڑھ، روحا اورتالا تعلقوں میں ۱۰۰؍ ایم ایم سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ہر سال جون تا ستمبر رائے گڑھ میں ۳؍ ہزار۱۵۰؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی جاتی ہے جبکہ امسال ضلع میں ۲۳؍ جون سے اب تک ۲؍ ہزار ایم ایم سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جو مانسون میں ہونے والی بارش کا ۶۴؍ فیصد ہے۔ ضلع میں لگاتار بارش کے سبب دریائےکندالیکا ۲۳ ؍ میٹر کے خطرے کے نشان پر پہنچ گئی ہے ۔ ضلع کے دیگر دریا ساوتری ، امبا، پتل گنگا، الہاس اور گاندھی خطرے کے نشان سے نیچےہیں۔