ممبئی میں بارش کی وجہ سے ٹرین خدمات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ کئی مقامات پر ٹریفک جام ہو گیاہے جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس ضمن میں محکمہ موسمیات نے آج ممبئی و مضافات میں اگلے ۷؍ دنوں تک بھاری بارش کی پیشین گوئی کی ہے اور مہاراشٹر کے کئی اضلاع میں بھاری بارش کے امکانات ہیں ۔ ممبئی کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ بارش کی وجہ سے ممبئی کی جھیلوں میں پانی کا ذخیرہ بڑھ رہا ہے ۔ بی ایم سی کا ڈیٹا ظاہر کرتا ہے کہ پچھلے ۲۴؍ گھنٹوں میں ممبئی میں اب تک ۸۲ء۹۹ ؍ ایم ایم بارش ہو چکی ہے۔مشرقی مضافات میں ۱۴۸ء۴۰؍ ایم ایم اور مغربی مضافات میں ۱۲۲ء۳۰؍ ایم ایم بارش درج کی گئی ہے۔ بارش کے سبب سینٹرل ریلوے کی ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں لیکن ویسٹرن ریلوے اور ہاربر لائن کی ٹرینیں معمول کے مطابق ہیں ۔ ریلوے انتظامیہ نے اطلاع دی ہے کہ کسی بھی ٹرین کوملتوی نہیں کیا گیاہے۔ اندھیری کے سب وے پر بھی پانی بھر گیا ہے اور اندھیری فائر اسٹیشن کے قریب ایک علاقے میں بارش کا تناسب ۱۱۷ء۳۴؍ ایم ایم تھا۔محکمہ موسمیات کے ڈیٹاکے مطابق سانتا کروز میں پچھلے ۲۴؍ گھنٹوں میں ۲۰۴؍ ایم ایم بارش درج کی گئی ہےاورزیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت ۲۳؍ تا ۲۷؍ ڈگری سیلسیس تھا۔ اسی طرح قلابہ میں ۱۰۳؍ ایم ایم بارش درج کی گئی ہے اور وہاں کا درجہ حرارت ۲۴؍ تا ۲۶؍ ڈگری سیلسیس تھا۔
خبروں کے مطابق رائے گڑھ میں لینڈ سلائیڈ کے واقعے میں اب تک مہلوکین کی تعداد ۲۴؍ ہو گئی ہے اور راحت رسانی کا کام اب بھی جاری ہے ۔اس ضمن میں این ڈی آر ایف ٹیم کا کہنا ہے کہ ہم نے صبح ملبے سے ۲؍خواتین کی لاش برآمد کی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پال گھر کیلئے بھی ریڈالرٹ جاری کیا ہے ۔ نالا سوپارہ اور وسئی کےنشیبی علاقے بھی زیرآب ہو چکے ہیں ۔