راجستھان میں اشوک گہلوت سرکار کیخلاف سچن پائلٹ کے منگل کو(آج) ایک دن کی بھوک ہڑتال کرنےکے اعلان نے سیاسی ہلچل تیز کردی ہے۔ ایک طرف جہاں سچن پائلٹ نے اعلان کیا ہے کہ ان کی یہ بھوک ہڑتال کسی کے خلاف نہیں ہے بلکہ بدعنوانی کے خلاف ہے وہیں اعلیٰ کمان سرگرم ہوگیا ہے۔ کانگریس میں راجستھان امور کے ذمہ دار سکھوندر سنگھ رندھاوا جلد ہی ریاست کا دورہ کرسکتے ہیں۔ سچن پائلٹ کی اس شکایت پر کہ ان کے کئی مکتوب کے باوجود وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے بدعنوانی کے خلاف کارروائی نہیں کی ہے، رندھاوا نے مذکورہ مکتوبات کی نقل طلب کی ہے۔
پائلٹ ایک دن کی بھوک ہڑتال کیلئے کمربستہ
سچن پائلٹ کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ منگل کو ایک دن کی بھوک ہڑتال کے اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ ناراض کانگریس لیڈر کے قریبی ساتھیوں کے مطابق اُن کی بھوک ہڑتال اور لڑائی سابقہ وسندھرا راجے سندھیا سرکار میں ہونےو الی بدعنوانی کے خلاف ہے اوراس کا مقصد کانگریس میں کسی کو نشانہ بنانا نہیں ہے۔ سچن پائلٹ کی اس بھوک ہڑتال کو راجستھان میں قیادت کے مسئلے کو ایک بار پھر اٹھانے اوراسے الیکشن سے قبل حل کروانے کی کوشش کے طورپر بھی دیکھا جارہاہے تاہم ان کے قریبی ذرائع نے کی اس کی تردید کی ہے۔ان کے مطابق مرکزی سطح پر جس طرح راہل گاندھی اڈانی کی بدعنوانیوں کے خلاف لڑ رہے ہیں،اسی طرح ریاست میں سچن پائلٹ اس معاملے کو اٹھا رہے ہیں تاکہ ریاست میںبی جےپی کی سابقہ حکومت کی جوابدہی طے کی جاسکے۔
پائلٹ کو بھوک ہڑتال سے منع نہیں کیاگیا
اپنی بھوک ہڑتال سے ایک روز قبل سچن پائلٹ نے راجستھان کی ’عزت نفس‘ کے حوالے سے ٹویٹ کیا اور کہا کہ ’’ ذہن میں خوشی،چہرے پر مسکان، ہردل میں بستے ہیں، راجستھان کی عزت نفس۔‘‘ وہ منگل کو جے پور کے شہید اسمارک پر اپنے حامیوں کے ساتھ دن بھر کی بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔ حالات سے واقف ایک شخص نے خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ سچن پائلٹ کوکانگریس کے کسی بھی شخص نے بھوک ہڑتال سے روکنے کی کوشش نہیں کی ہے۔
پائلٹ حامی وزیر ہڑتال میں شریک نہیں ہوںگے
بھوک ہڑتال کے اعلان سے پارٹی میں پھیلی بے چینی کے بیچ سچن پائلٹ کے حامیوں نے اطلاع دی ہے کہ ہڑتال میں ان کے ساتھ ان کے حامی وزیر یا ایم ایل اے نہیں ہوں گے بلکہ عام شہری اور پارٹی کارکن شرکت کریں گے۔ اسے سچن پائلٹ کی سوچی سمجھی حکمت عملی کا حصہ بھی سمجھا جارہاہے کیوں کہ اگر حامی بھوک ہڑتال میں شریک ہوتے ہیںتو یہ واضح ہوجائےگا کہ ان کے ساتھ کتنے وزیر اور ایم ایل اے ہیں جو مخالف خیمے کو اپنی تیاری کا موقع فراہم کردےگا۔
اعلیٰ کمان حرکت میں آیا
بہرحال سچن پائلٹ کے اعلان کے بعد کانگریس اعلیٰ کمان حرکت میں آگیاہے۔ سکھوندر سنگھ رندھاوا منگل کی دوپہر تک راجستھان پہنچ جائیں گے۔ وہ ویزاعلیٰ اشوک گہلوت اور ریاستی کانگریس کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے ان مکتوبات کی نقل بھی مانگی ہے جو سچن پائلٹ نے وسندھرا سرکار میں ہونے والی بدعنوانی کی جانچ کیلئے وزیراعلیٰ کو بھیجے ہیں۔ انہوں نے پیر کو میڈیا سے گفتگو کے دوران سچن پائلٹ کے فیصلے کو جلد بازی قراردیا۔ رندھاوا نے دعویٰ کیا کہ سچن پائلٹ نے کبھی یہ نہیں بتایا کہ وزیراعلیٰ ان کے مکتوبات کے جواب نہیں دے رہے ہیں۔
اشوک گہلوت کو پارٹی قیادت کی حمایت
اس بیچ کانگریس کی قیادت نے بند لفظوں میں اشوک گہلوت کی تائید کا پیغام دیا ہے۔ پارٹی کے میڈیا شعبے کے انچارج جے رام رمیش نے ایک مختصر سے بیان میںاشوک گہلوت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت میں نافذ کی گئی اسکیموں کا عوام کی زندگیوں پر مثبت اثر پڑا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ ’’اس نے ریاست کو ملک میں حکمرانی کے محاذ پر قائدانہ پوزیشن فراہم کی ہے۔ سنگ میل کی حیثیت رکھنے والی ان کامیابیوں کی بنیاد پر ہی کانگریس عوام سے دوبارہ منتخب کرنے کی اپیل کریگی۔‘‘
بدعنوانی کے خلاف جانچ ہورہی ہے: پون کھیڑا
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے بھی سچن پائلٹ کے موقف سے اختلاف کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ گہلوت سرکار بدعنوانی کے خلاف کارروائی نہیں کررہی ہے۔ا نہوں نے بتایا کہ راجستھان بی جے پی کے سینئر لیڈر گجیندر سنگھ شیخاوت کے خلاف جانچ چل رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ راجستھان میں کانگریس کی حکومت گرانے کی ماضی کی کوشش کی بھی جانچ ہورہی ہے۔