مہاراشٹر میں ایک بار پھر بے موسم برسات نے تباہی مچائی ہے۔ اس کی وجہ سے کسانوں کی فصلیں برباد ہو گئی ہیں ۔ متعدد علاقوں سے ژالہ باری کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔ یاد رہے کہ سال بھر میں یہ چوتھا موقع ہے جب بے موسم برسات ہوئی ہے اور کسانوں کی کھڑی فصلیں یا بوئی ہوئی فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ۵؍ دنوں تک بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اطلاع کے مطابق پو ریاست کے پونے، اورنگ آباد، احمد نگر، ناسک ، اکولہ ، واشم اور بلڈانہ جیسے اضلاع میں اتوار کی رات اور پیر کے دن زور دار بارش ہوئی۔ اس دوران ژالہ باری بھی ہوئی جس کی وجہ سے گرمی کا موسم سردی میں بدل گیا لیکن اس کا خمیازہ کسانوں کو اٹھانا پڑا۔ کہا جا رہا ہے کہ اس بارش کے سبب ریاست کے ۱۴؍ اضلاع میں ۲۸؍ ہزار اہیکٹر پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ یاد رہے کہ ابھی گزشتہ ماہ ہی کسانوں نے بے موسم برسات کے سبب پیاز اور چنے وغیرہ کی فصلوں کا نقصان اٹھا یا تھا۔ اتوار اور پیر کو ہونے والی بارش کے سبب ، پیاز، آم، گیہوں اور ہری سبزیوں کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ جن کسانوں کے بیج بوئے تھے انہیں بھی نقصان اٹھانا پڑا۔
مختلف اضلاع میں نقصانات
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اس بات کی پیش گوئی کردی تھی ۷؍ اپریل کے بعد ریاست میں بارش شروع ہو سکتی ہے۔ یہ پیش گوئی درست ثابت ہوئی۔پونے کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ بعض جگہوں پر ژالہ باری دیکھی گئی ۔ اس کی وجہ سے یہاں موسم سرد ہو گیا۔ جبکہ واشم ضلع میں طوفانی بارش کے سبب کئی مکانات کے چھپرے اڑ گئے اور باغوں میں درخت اکھڑ گئے۔ یہاں کسان سوال کر رہے ہیں کہ بارش کے سبب ہونے والے نقصان کا پنچ نامہ بھی پورا نہیںہوتا کہ دوسری بارش آجاتی ہے۔ ایسی صورت میں کیا کیا جائے؟
ادھر احمد نگر میں ۶؍ ہزار اہیکٹر سے زیادہ کی زمین پر فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ اس طرح یہاں اب تک ( اس سے قبل بارش ملا کر) ۱۲؍ ہزار ہیکٹر سے زیادہ فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ اکولہ میں ایک ماہ کے اندر چوتھی مرتبہ بے موسم برسات کے سبب نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہاں پاتور تعلقہ میں لیموں اور پیاز کی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اورنگ آباد سے بھی ژالہ باری کی خبر موصول ہوئی ہے۔ جبکہ بلڈانہ میں بھی درختوں کے گرنے اور فصلوںکے تباہ ہونے کے مناظر دیکھے گئے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بے موسم برسات کے سبب نقصان اٹھانے والے کسانوں کی ٖفصلوں کا پنچ نامہ کرنے اور انہیں معاوضہ دینے کا حکم جاری کیا تھا ۔ ابھی یہ کام پورا بھی نہیں ہوا تھا کہ نئے سرے سے بارش شروع ہو گئی۔ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ آئندہ ۵؍ دنوں تک ریاست کے مختلف علاقوں میں اسی طرح طوفانی بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ اگر یہ پیش گوئی درست ثابت ہوئی تو کسانوں کو مزید نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔