اے سی لوکل ٹرینوں کی بے ترتیبی کے سبب عام لوکل ٹرین مسافروں کو ہونے والی پریشانی کے تعلق سے مسافروں کی جانب سے متعدد مرتبہ یہ مطالبہ کیا گیا کہ ان کی دشواریوں پر توجہ دی جائے ۔اس لئے کہ ریلوے انتظامیہ ۱۵تا ۲۰؍فیصد اے سی لوکل مسافروں کے مقابلے عام لوکل ٹرین کے۸۰؍ فیصد سے زائد مسافروں کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔ ویسٹرن ریلوے کے جانب سے اس سمت قدم بڑھاتے ہوئے بدھ (آج ) سے۱۲؍ڈبے کی ۱۱؍نان اے سی ٹرینوں کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ اس اضافے کے بعد ویسٹرن ریلوے میں مجموعی لوکل خدمات کی تعداد ایک ہزار ۳۸۳؍ سے بڑھ کر ایک ہزار ۳۹۴؍ ہو جائیں گی۔
اضافی تیزرفتارٹرین خدمات
یہ اضافی خدمات تیزترین ہوں گی جس میں ٹرینیں باندرہ اور بوریولی اسٹیشنوں پرنہیں رکیں گی۔اس بارے میں ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکر نے بتایا کہ متعارف کرائی جانے والی یہ فاسٹ سروسیز ہوں گی جنہیں تجرباتی طورپر بوریولی اور باندرہ میں روکا نہیں جائے گا۔اس کے سبب چند موجودہ ٹرین خدمات میںمعمولی تبدیلی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے ’ اسکیپ ہالٹ (ٹرین کو اسٹیشن پر نہ روکنا) ‘ کا تصور بھیڑ بھاڑ کے پیٹرن کو بدل دے گا اور تیز ٹرینوں کے چلنے کے وقت کو مزید کم کر دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آیا یہ خدمات جاری رہیں گی یا نہیں، اس کا انحصار تجربے کے دوران مسافروں کے تاثرات پر ہوگا۔
ٹرینوں کی معلومات کیلئے ’یاتری ایپ ‘
ویسٹرن ریلوے ممبئی ڈویژن میں لوکل ٹرینوں کے لاکھوں مسافروں کو ایک اہم سہولت ملنے جارہی ہے۔ اس کی شروعات بھی بدھ (آج۵) ہی سے ہونے والی ہے۔ یہ ہے ’یاتری ایپ‘ جس کے ذریعے لوکل ٹرینوں معلومات حاصل کی جاسکے گی۔ یہ ایپ میسرس ڈی سی پی انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے تعاون سے بنایا گیا ہے ۔ آج اس کے آغاز کے بعد ویسٹرن ریلوے کے مسافر لوکل ٹرینوں کیلئے لائیو ٹریکنگ سہولت کا استعمال کر سکیں گے۔ اس کے ذریعے لوکل ٹرین کہا ںہے، کس اسٹیشن کے قریب پہنچی ہے ، کوئی مسئلہ تو پیدا نہیں ہوا ہے، معلوم کرنے کے ساتھ یہ بھی معلوم کر سکیں گے کہ اپنی سہولت کے اعتبار سے جس ٹرین کو وہ دیکھنا چاہ رہے ہیں، اس کا وقت کیا ہے۔ اس کے علاوہ اہماور بڑے اسٹیشنوں کی تفصیل بھی اس ایپ سے معلوم کی جاسکے گی۔
چیف پی آر او سمیت ٹھاکر نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ویسٹرن ریلوے نے اپنی تمام ای ایم یو لوکل ٹرینوں میں جی پی ایس ٹریکنگ ڈیوائس لگایا ہے۔ اس سے ایپ پرلوکل ٹرینوں کا صحیح وقت اور ٹرین کہاں ہے وغیرہ تفصیلات مہیا کرائی جاسکیں گی۔ اس کے ذریعے مسافروں کو ٹرینوں کا لائیو اپڈیٹ، اعلانات ، وقت اور ریلوے اسٹیشنوں وغیرہ کے بارے میں اور وہاں کیا سہولتیں ہیں اس کی معلومات ملے گی۔ اس کے علاوہ اس ایپ کے ذریعے ممبئی میٹرو ، بس خدمات ، اہم مقامات اور دیگر معلومات بھی مل سکے گی۔ مسافر نہ صرف میپ پر ٹرینوں کی لائیو لوکیشن دیکھ سکیں گےبلکہ دیگر تفصیلات بھی حاصل کرسکیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ اس ایپ کے ذریعے معذور مسافر بھی متذکرہ بالا سہولت حاصل کرسکیں گے۔ وائس کمانڈ کے ذریعے فون استعمال کرنے والے معذور مسافر گوگل اسسٹنٹ کے ذریعے بآسانی اپنی ٹرین کی لائیو لوکیشن پوچھ سکتے ہیں۔ اس کے لئے انہیں ’یاتری ریلوے سے بات کریں‘ کا کمانڈ دینا ہوگا ۔