تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے کل 15 مارچ سے شروع ہونے والے انٹر میڈیٹ فرسٹ اور سیکنڈ ایئر امتحانات کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ فرسٹ اور سیکنڈ ایئر سالانہ امتحانات 15 مارچ تا 4 اپریل منعقد ہوں گے اور امتحانات کے اوقات صبح 9 تا 12 بجے دن رہیں گے۔ روزانہ ایک امتحان رہے گا۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نوین متل نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ امیدواروں کو ایک منٹ تاخیر سے پہنچنے پر امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں رہے گی۔ لہذا امیدواروں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ ایک گھنٹہ قبل یعنی صبح 8 بجے امتحانی مرکز پہنچ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی امیدوار کو ہال ٹکٹ کے بغیر امتحان ہال میں داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ نقل نویسی روکنے کیلئے امیدواروں کو ایک گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پہنچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ امیدواروں کو صبح 8:45 بجے تا 9 بجے OMR پر اپنی تفصیلات درج کرنی ہوں گی۔ ٹھیک 9 بجے امتحانی پرچہ حوالے کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امیدواروں کو صبح 8:45 بجے اپنی نشست پر ہونا چاہیئے تاہم 9 بجے تک کی مہلت رہے گی اس کے بعد کسی بھی امیدوار کو داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔ نوین متل نے بتایا کہ فرسٹ اور سیکنڈ ایئر امتحانات میں جملہ 947699 امیدوار حصہ لیں گے۔ فرسٹ ایئر طلبہ کی تعداد 482677 ہے جبکہ سیکنڈ ایئر طلبہ کی تعداد 465022 ہے۔ ریاست بھر میں جملہ 1473 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں گورنمنٹ جونیر کالجس کی تعداد 614 ہے جبکہ خانگی جونیر کالجس میں 859 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ نوین متل کے مطابق امتحانات کیلئے 1473 چیف سپرنٹنڈنٹس، 1473 محکمہ جاتی عہدیدار، 26333 انویجلیٹرس، 75 فلائنگ اسکواڈز اور 200 سیٹنگ اسکواڈز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ فرسٹ ایئر امتحانات میں 215633 لڑکے، 217449 لڑکیاں ہیں جبکہ ووکیشنل امیدواروں کی تعداد 49595 ہے۔ نوین متل نے بتایا کہ آر ٹی سی حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ امتحانات کے دوران طلبہ کی سہولت کیلئے اضافی سرویسس چلائیں۔ محکمہ برقی سے بلاوقفہ سربراہی کی خواہش کی گئی۔ پولیس اور ریوینیو عہدیداروں سے درخواست کی گئی ہے کہ امتحانات مراکز کے اطراف موجود زیراکس سنٹرس کو امتحانی اوقات کے دوران بند رکھیں۔ امتحانی مراکز میں پینے کے پانی کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور ہر امیدوار کیلئے فرنیچر کا انتظام رہے گا۔ کسی بھی امیدوار کو فرش پر امتحان لکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر امتحانی مرکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ ضلع عہدیداروں کو سی سی ٹی وی کیمرے کرایہ پر لینے کی اجازت دی گئی ہے۔ تمام کیمرے امتحانات سے قبل کارکرد رہنے چاہیئے۔ امتحانات کے دوران اسٹیٹ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کے فون نمبرات 040-24600110 اور 040-24655027 ہیں۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی ویب سائیٹ سے ہال ٹکٹ حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ ایسے تعلیمی ادارے جنہوں نے بعض وجوہات کی بناء پر طلبہ کو ہال ٹکٹ جاری نہیں کئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ امیدوار امتحان ہال میں کوئی بھی پرنٹیڈ، تحریری میٹریل، سیل فون، پیجر، کیلکولیٹر اور کوئی بھی الیکٹرانک آلہ اپنے ساتھ نہیں رکھ پائیں گے۔ چیف سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہال ٹکٹ پر متعلقہ پرنسپل کی دستخط کے بغیر بھی آنے والے امیدواروں کو امتحان لکھنے کی اجازت دیں۔