یوکرینی حکام کے مطابق روس پورے یوکرین میں مسلسل میزائل حملے کر رہا ہے۔ اس دوران خارکیف اور اوڈیسا میں رہائشی عمارات اور بنیادی ڈھانچوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ حملوں کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی ترسیل معطل گئی ہے۔
یوکرینی حکام نے بتایا کہ روس نے تازہ میزائل حملوں میں دارالحکومت کییف کے علاوہ بحیرہ اسود کے بندرگاہی شہر اوڈیسا اور خارکیف کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ مغرب میں زیتومائر، وائنیتسیا اور رائیونے کے علاوہ وسطی یوکرین کے ڈنپرو اور پولٹاوا شہروں پر بھی میزائلوں سے حملے کیے گئے ہیں۔ ان حملوں میں ہلاکتوں کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
اوڈیسا کے گورنر میکسم مارشینکو نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر کیے گئے روسی میزائل حملوں کی وجہ سے شہر میں بجلی فراہم کرنے والی تنصیبات کو نقصان پہنچا اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
کییف کے میئر ویٹالی کلِچکو نے کہا کہ شہر کے جنوب مغربی حصے میں دھماکے ہوئے م جن کے بعد ریسکیو کارکن وہاں پہنچ گئے۔ کچھ علاقوں میں بجلی بھی بند ہو گئی۔
خارکیف کی علاقائی انتظامیہ کے سربراہ اولیگ سینگیوبوف نے کہا، ”شہر اور اس کے ارد گرد کے علاقے میں تقریباً 15 حملے ہوئے، جن سے اہم تنصیبات اور بنیادی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا۔ کئی رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔‘‘