افغان اثاثوں کو غیرمنجمد کرنے کی مغرب سے متعدد ملکوں کی اپیل
تاشقند (ڈی ڈبلیو)افغانستان کے سات پڑوسی ملکوں نے جنگ زدہ ملک میں دیرپا امن کے حصول پر تبادلہ خیال کے لیے ایک کلب قائم کیا ہے۔ منگل کے روز کلب کی افتتاحی میٹنگ میں انہوں نے مغرب سے افغانستان کے اثاثوں کو غیر منجمد کرنے کی اپیل کی۔
ازبکستان کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ روس، چین، ایران، پاکستان، ازبکستان، تاجکستان اور ترکمانستان کے خصوصی نمائندوں نے منگل کے روز تاشقند میں ایک میٹنگ کی، جس میں انہوں نے افغانستان کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے مستقل میٹنگیں کرنے کا منصوبہ بنایا
ازبکستان کے خصوصی نمائندے عصمتیلا ارجاشیف نے بتایا کہ اس گروپ نے مغربی ملکوں سے اپیل کی کہ افغانستان کے مرکزی بینک کے اثاثوں پر عائد پابندیاں جلد از جلد ختم کردی جائیں۔
افغانستان کے پڑوسی ملکوں کے مذکورہ کلب کے افتتاحی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارجاشیف نے کہا، "ان ملکوں نے نمائندوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کے مرکزی بینک کی رقم اسے واپس لوٹا دی جائے تاکہ اس کا استعمال بنیادی طورپر اسکول ٹیچروں اور ڈاکٹروں کی تنخواہوں کے لیے کیا جا سکے۔ اسی کے ساتھ اس سے ان لوگوں کی بھی کچھ مدد ہو جائے گی جو اس وقت مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔”