حیدرآباد۔روزنامہ سیاست کے زیر اہتمام سیاست شاپنگ دھوم کے اختتام پر منعقدہ بمپر ڈرا تقریب میں حیدرآبادی گیتوں اور طنز و مزاح سے بھرپور پروگرام حیدرآبادی فن گامہ کا آج شام للت کلا تھورانم اوپن تھیٹر باغ عام نامپلی پر شاندار انعقاد عمل میں آیا ۔ 13 ویں سالانہ سیاست شاپنگ دھوم کے بمپر ڈرا کی تقریب میں انعامات کی قرعہ اندازی کی گئی جن میں پہلا انعام کوپن نمبر 628138 کو حاصل ہوا جو ماروتی آلٹو کار کا تھا ۔ یہ کوپن نیکیڈیا فرنیچر سے خریداری پر جاری کیا گیا تھا ۔ دوسرا انعام ہیرو گلیمر XTEC 125 کا تھا جو کوپن نمبر 627540 کو حاصل ہوا ۔ یہ کوپن گوپال برادرس سے خریداری پر جاری کیا گیا تھا ۔ تیسرا انعام ہیرو ڈیسٹینی 125 کا تھا جو کوپن نمبر 850205 کو حاصل ہوا جو ڈاکٹر سکسینہ سے جاری ہوا تھا ۔ پہلے انعام کی قرعہ اندازی ماسٹر ریان الرحمن نے کی جو شائقین میں موجود تھے ۔ انہیں اسٹیج پر طلب کرتے ہوئے قرعہ اندازی کروائی گئی ۔ دوسرے انعام کی قرعہ اندازی ڈاکٹر صابر علی خان نے انجام دی جبکہ تیسرے انعام کا قرعہ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان نے اٹھایا ۔ آج کی اس بمپر ڈرا تقریب اور فن گامہ شو کیلئے روزنامہ سیاست کے 75 سال کی تکمیل کے جشن کے طورپر شائقین کیلئے بھی انعامات جیتنے کا موقع فراہم کیا گیا ۔ آج فن گامہ شو میں شریک ہونے والے شائقین کیلئے کوپن جاری کیا گیا ۔ اس پر فون نمبر کا اندراج کرواتے ہوئے اسے واپس حاصل کرلیا گیا ہے اور ان کوپنس پر جملہ 75 انعامات دئے جائیں گے ۔ ان انعامات کیلئے ڈرا پیر 20 فبروری کو دفتر سیاست میں کیا جائیگا اور انعام یافتگان کی فہرست منگل کے اخبار میں شائع کی جائے گی ۔ جن شائقین کو انعام حاصل ہوگا انہیں اپنے ساتھ جس نمبر کا اندراج کیا گیا تھا اس کا فون اور شناختی ثبوت لانا ضروری ہوگا ۔ آج سیاست شاپنگ دھوم کی بمپر ڈرا تقریب کے موقع پر جو فن گامہ شو منعقد ہوا اس کا آغاز سنٹرل پبلک اسکول کے طلبا کے اسٹیج شو سے ہوا ۔ ان طلبا نے اردو کی اہمیت پر ایک موثر اسٹیج شو پیش کیا ۔ اس کے علاوہ اس فنگامہ شو میں حیدرآبادی فنکاروں نے نت نئے پروگرامس پیش کرتے ہوئے شائقین کو محظوظ کیا ۔ حیدرآبادی سنگرس نے بہترین نغمے اور گیت پیش کرتے ہوئے سامعین کو لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا ۔ نئے اور پرانے گیت کے علاوہ صوفی گیت بھی پیش کئے گئے جنہیں شائقین نے بہت پسند کیا ۔ اس پروگرام میں شائقین کیلئے داخلہ مفت رکھا گیا تھا۔ حیدرآبادی مزاحیہ فنکاروں نے بھی بہترین آئٹمس پیش کرکے عوام کے دل جیت لئے ۔ حیدرآباد کے یوٹیوبرس نے بھی منفرد پروگرام پیش کرکے شائقین کو محظوظ کیا ۔ فنگامہ شو میں ایکوفونک ڈیجیٹل ڈالبی سسٹم‘ ملٹی کلر فل لائٹنگ کا اہتمام تھا ۔ پروگرام کوآرڈینیٹر مرزا خیر الدین بیگ جانی تھے ۔ اس شو میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اسے کافی پسند کیا اور داد سے نوازا ۔