امرتسر:بہوجن سماج پارٹی کی سپریمو مایاوتی کے آئندہ انتخابات میں کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کا اعلان کرنے کے ایک دن بعد، کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پیر کو بی ایس پی کے بانی کانشی رام کی بہن سورن کور سے ان کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ کے پنجاب مرحلے کے دوران ملاقات کی ۔ کانشی رام فاؤنڈیشن کے لکھبیر سنگھ ان کے ساتھ تھے۔
اس ملاقات کو اہم سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ مایاوتی اور کانشی رام کے خاندان کے درمیان اچھے تعلقات نہیں ہیں، اس لیے کانگریس کی نظر کانشی رام کی وراثت پر ہو سکتی ہے۔ کانگریس نے مایاوتی کو ‘بھارت جوڑو یاترا’ میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی، لیکن بی ایس پی سے کوئی بھی نہیں آیا۔ مایاوتی نے اتوار کو اعلان کیا کہ ان کی پارٹی 2023 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات اور پھر 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں کسی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔