کٹھمنڈو:نیپال کے پوکھارا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن وے پر 72 نشستوں والا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے، اب تک64 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ حادثے کے وقت طیارے میں 68 مسافر اور عملے کے چار ارکان سوار تھے۔ خبروں کے مطابق طیارہ پرانے ہوائی اڈے اور پوکھارا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے درمیان گر کر تباہ ہو گیا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ جائے حادثہ سے 64 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔مقامی اہلکار گرودتا ڈھاکل نے بتایا کہ ملبے میں آگ لگی ہوئی تھی اور امدادی کارکن آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تصاویر اور ویڈیوز میں حادثے کی جگہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ نیپال ایئرپورٹ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام کے مطابق ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو جاری ہے، ہمیں ابھی نہیں معلوم کہ کوئی زندہ بچ گیا ہے یا نہیں۔ طیارے میں 5ہندوستانیوں سمیت 10 غیر ملکی شہری سوار تھے۔ طیارہ وسطی نیپال میں پرانے اور نئے پوکھرا ہوائی اڈوں کے درمیان گر کر تباہ ہو گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی نیپال کے وزیراعظم پرچنڈ نے جاۓ حادثے پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا ،حادثہ کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔