نیئ دہلی:دہلی کی ایک عدالت نے ہفتے کے روز 2020 کے شمال مشرقی دہلی فسادات کے دوران فسادات اور آتش زنی کے الزام میں نو افراد کو بری کر دیا۔ ان نو افراد پر الزام تھا کہ وہ ایک غیر قانونی طور پر اجتماع کرانے کے ذمہ دار تھے جنہوں نے 25 فروری 2020 کو چمن پارک کے علاقے میں ایک دکان میں ڈکیتی اور آتش زنی کی۔ عدالت نے کہا کہ استغاثہ کے گواہ کی واحد گواہی یہ فرض کرنے کے لیے کافی نہیں ہو سکتا کہ ملزمان ہجوم کا حصہ تھے۔
ایڈیشنل سیشن جج پلستیہ پرماچل نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اس معاملے میں تمام ملزمان کے خلاف لگائے گئے الزامات شک سے بالاتر ثابت نہیں ہوئے ہیں۔ لہذا ملزمان، ان کے کے خلاف لگائے گئے تمام الزامات سے بری ہو جاتے ہیں
گوکل پوری پولیس اسٹیشن نے محمد شاہنواز، محمد شعیب، شاہ رخ، راشد، آزاد، اشرف علی، پرویز، محمد فیصل اور راشد پر ہنگامہ آرائی سمیت تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ عدالت نے کہا کہ ہجوم کی طرف سے ہنگامہ آرائی اور آتش زنی کے ساتھ ایک غیر قانونی اجتماع کیا گیا۔ عدالت نے کہا کہ ملزمان کی تفصیلات اور ان کے ملوث ہونے کے بارے میں علم باضابطہ طور پر 7 اپریل 2020 تک ریکارڈ نہیں کیا گیا تھا۔