ممبئی: کانگریس کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ جاری ہے اور فی الحال یہ یاترا مہاراشٹرا سے گزر رہی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے دیگر ‘بھارت یاتریوں’ کے ساتھ اتوار کو مہاراشٹر اکے بھنڈوال سے اپنی پیدل یاترا شروع کی اور اپنے اگلے ٹھہراؤ کی جانب گامزن ہو گئے۔ بھارت جوڑو یاترا کو مختلف برادریوں اور طبقوں سے زبردست حمایت مل رہی ہے۔ بالی ووڈ کی دنیا سے وابستہ مشہور شخصیات بھی مارچ میں شامل ہو کر مسلسل اپنی حمایت دے رہی ہیں۔ اتوار کو اداکار اور فلم ڈائریکٹر امول پالیکر بھی پیدل یاترا میں شامل ہوئے۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹ کر کے یہ اطلاع دی۔ راہول گاندھی نے کہا، ’’ملک کے تئیں اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے آج مشہور اداکار اور فلم ڈائریکٹر امول پالیکر جی اپنی اہلیہ کے ساتھ بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوئے۔ ملک کی آواز بلند کرنے کے لئے آپ کا شکریہ۔ کانگریس جنرل سکریٹری کمیونکیشن جئے رام رمیش نے اتوار کو مہاراشٹرا میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یاترا کو 21 اور 22 نومبر کو وقفہ دیا گیا ہے اس کے بعد یہ یاترا 23 نومبرکو مدھیہ پردیش میں داخل ہوگی۔ کنیاکماری سے آغاز کے بعد یہ یاترا کرناٹک، آندھراپردیش، تلنگانہ سے ہوکر مہاراشٹرا میں داخل ہوئی ہے۔