حیدرآباد ۔ شہر حیدرآباد میں بڑھتے ہوئے الکٹرک بسوں کے پیش نظر تلنگانہ آر ٹی سی نے ای او چارجنگ سنٹرس پر اپنی ساری توجہ مرکوز کردی ہے ۔ تلنگانہ آر ٹی سی کی جانب سے آئندہ دو تا تین ماہ کے دوران گریٹر زون کے حدود میں 28 آر ٹی سی ڈپوز میں ای وی چارجنگ اسٹیشنس قائم کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے ایک ڈپو میں 5 تا 10 چارجنگ اسٹیشنس قائم کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ آر ٹی سی کی جانب سے خریدی جانے والی 350الکٹرک بسوں میں 50 بسیں گریٹر زون میں اور 300 بسیں قریبی اضلاع میں چلانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ فی الحال 39 الکٹرک بسیں شہر کے مختلف علاقوں سے شمس آباد ایئرپورٹس تک چلائی جارہی ہیں ۔ ان کی چارجنگ کیلئے میاں پور اور کنٹونمنٹ ڈپوز میں 10 چارجنگ پوائنٹس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ تلنگانہ آر ٹی سی کی جانب سے ڈیزل کی جگہ الکٹرک بسوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے چارجنگ اسٹیشنس کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ تلنگانہ آر ٹی سی نے الکٹرک گاڑیوں میں اضافہ کے پیش نظر گریٹر حیدرآباد میں موجود خالی اراضیات پر بڑے پیمانے پر الکٹرک چارجنگ اسٹیشنس کے قیام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ اہم سڑکوں اور مقامات پر موجود آر ٹی سی کی اراضیات پر الکٹرک چارجنگ اسٹیشن قائم کرکے آمدنی میں اضافہ پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے