حیدرآباد ۔چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر 15 نومبر کو پرگتی بھون سے 8 گورنمنٹ میڈیکل کالجس کا آن لائن افتتاح کریں گے۔ ان 8 میڈیکل کالجس کو میڈیکل کونسل آف انڈیا نے منظوری دیدی ہے۔ 15 نومبر سے ان میڈیکل کالجس میں کلاسیس کا آغاز ہورہا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر پرگتی بھون سے اس کا آن لائن میں افتتاح کریں گے تاہم اس کا ابھی تک سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے ریاست کے 8 مقامات سنگاریڈی، بھدرادری کتہ گوڑ، محبوب آباد، ناگرکرنول، ونپرتی، جگتیال، راماگنڈم، منچریال میں گورنمنٹ میڈیکل کالجس قائم کیا ہے۔ ان میڈیکل کالجس میں منچریال میں 100 ایم بی بی ایس کی نشستیں ہیں ماباقی تمام میڈیکل کالجس میں 150 نشستیں ہیں۔ اس سال سرکاری میڈیکل کالجس میں 1150 اضافی ایم بی بی ایس کی نشستیں دستیاب ہورہی ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ پہلے چیف منسٹر کے سی آر ان تمام 8 میڈیکل کالجس کا علحدہ علحدہ افتتاح کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ تاہم 15 نومبر سے کلاسیس کے آغاز کے پیش نظر بیک وقت آن لائن میں پرگتی بھون سے تمام 8 میڈیکل کالجس کا افتتاح کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔