کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی جن کی بھارت جوڑو یاترا ۴؍ ریاستوں ہو کر مہاراشٹر کی سرزمین پر پہنچ گئی ہے ، نے ایک ساتھ کئی پیغام دئیے ہیں۔یہ یاترا گزشتہ شب ضلع کے دیگلور میں مشعل ریلی کے ساتھ پہنچی تھی ۔ اس کے ساتھ ہی انہو ں نے مشعل کے ذریعے اہل مہاراشٹر کو واضح پیغام دیا۔ ان کی اس یاترا کو مہاراشٹر بی جے پی اور شندے گروپ سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے کیوں کہ یہ ایک طرح سے مہا وکاس اگھاڑی کی جانب سے طاقت کا مظاہرہ بھی ہے اور مہاراشٹر کے سب سے زیادہ اور طاقتور ووٹنگ لابی مراٹھوں کے لئے واضح پیغام بھی ہے۔ راہل گاندھی نے شیواجی مہاراج اور مراٹھوں کی طرز پرمشعل جلاکر اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو پیغام دینے کی کوشش کی ۔
پارٹی نے کیا کہا
پارٹی کی جانب سے بتایا کہ راہل گاندھی کا رات کا قیام شنکر نگر رام تیرتھ میں ہوگاجبکہ بھارت جوڑو یاترا کا منگل کو مہاراشٹر میں دوسرا دن ہے۔ راہل گاندھی منگل کو یاترا شروع کرنے سے پہلےایک مرتبہ پھر وناڑی کےگرودوارہ یادگار بابا زوراور فتح سنگھ جی پہنچے۔ جہاں انہوں نے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے دعا مانگی۔اس کے بعد پدیاترا کاآغاز ہوا۔ یہ یاترا جب بلولی کے اٹکلی پہنچی تب یاتر ا میں شامل کانگریس سیوادل کے قومی جنرل سیکریٹری کرشن کمار پانڈے کا دورۂ قلب سے انتقال ہوگیا۔ اس موقع پر راہل اور پدیاترا میں شامل تمام کانگریسی لیڈران نے انہیں بہت جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔ اٹکلی میں قیام کے بعد ایک مرتبہ پھر یاترا اپنی اگلی منزل بھوپالا کیلئے روانہ ہوئی۔ یاترا کا رات کا قیام بلولی کے گوداوری منارشوگرفیکٹری گراؤنڈ پر ہوگا جہاں وسیع و عریض منڈپ بنایاگیاہے ۔
مہاراشٹر کانگریس کے کون سے لیڈر شامل ہیں؟
راہل گاندھی کی اس یاترا کی تیاری سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان کی قیادت میں ہوئی ہے جبکہ اس وقت یاترا میں راہل گاندھی کے ساتھ اشوک چوان ، سشیل کمار شندے ، نانا پٹولے ، عارف نسیم خان ، بالا صاحب تھورات ، مانک رائو ٹھاکرے اور دیگر لیڈران موجود ہیں۔ ان لیڈران کے ساتھ مقامی لیڈران اور کارکنان بھی مختلف حلقوں سے ناندیڑ پہنچے ہیں جس کی وجہ سے پورے ناندیڑ میں کانگریس کارکنوں کی بہت بڑی تعداد دیکھی جارہی ہے۔
راہل گاندھی کا بیان
راہل گاندھی نے یاترا شروع کرنے سے پہلے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے نفاذ پر کھل کر گفتگو کی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی جانب سے ۶؍ سال پہلے کی گئی نوٹ بندی کے اثرات اب تک ملک کی معیشت پر باقی ہیں اور وہ اسے اندر سے کھوکھلا کررہے ہیں۔ اس ایک قدم کی وجہ سے ملک کی چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتیں اس بری طرح سے متاثر ہوئیں کہ آج بھی وہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی کوشش کررہی ہیں ۔ جی ایس ٹی کے تعلق سے راہل نے کہا کہ اس کے نفاذ میں بدنظمی اور جلد بازی نے اسے ملک کی معیشت کا دشمن بنادیا ہے۔نوٹ بندی سے جو چھوٹی صنعتیں بربا د ہوئی تھی جی ایس ٹی کے نفاذ نے انہیں بالکل تباہ کردیا۔ راہل نے مزید کہا کہ وہ مہاراشٹر کے عوام کیلئے ایک پیغام لے کر آئے ہیں جو اتحاد اور یگانگت کا پیغام ہے۔ ہم یہاں مہاراشٹر کے عوام کا درد سننے اور اسے سمجھنے آئے ہیں۔ راہل نے ایک مرتبہ پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی اس یاترا کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ بی جے پی کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ اس یاترا نے اس کی صفوں میں جو کھلبلی پیدا کردی ہے وہ بی جے پی لیڈروں کے بیانات سے صاف ظاہر ہے۔
آج اپوزیشن کےاہم لیڈروں کی شرکت متوقع
راہل گاندھی کی اس یاترا میں مہاراشٹر کے قد آور لیڈر شرد پوار اور سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی شرکت متوقع تھی لیکن شرد پوار کی صحت کی وجہ سے ان کی شرکت مشکوک ہے جبکہ ادھو ٹھاکرے کے شریک ہونے میں بھی صحت ہی مانع بتائی جارہی ہے۔ اسی وجہ سے یاترا میں شیو سینا کی جانب سے آدتیہ ٹھاکرے جبکہ این سی پی کی جانب سے سپریہ سُلے ، جینت پاٹل اور دیگر لیڈران شریک ہوں گے ۔