گجرات میں ۲؍ دہائی کی حکومت مخالف لہر کا سامنا کررہی بی جے پی نے یہاں اپنی انتخابی مہم کی شروعات کردی ہے اور اس کے لئے پارٹی نے اپنے سب سے مشہور چہرہ وزیر اعظم مود ی کو میدان میں اتارا ہے۔ انہوں نے جنوبی گجرات کے بالکل جنوبی شہر ولساڑ سے انتخابی مہم کی شروعات کرتے ہوئے اپوزیشن کانگریس کو نہ صرف تنقیدوں کا نشانہ بنایا بلکہ ایک نیا نعرہ بھی دیا ۔ انہوں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم گجرات کو ترقی دلانے کے لئے مسلسل اور انتھک کوششیں کررہے ہیں۔ اسی وجہ سے ہر گجراتی اعتماد سے پُر ہے۔اسی لئے جب کوئی گجراتی بات کرتا ہے تو اس کے اندر سے بھی آواز آتی ہے کہ ہم نے گجرات بنایا ہے۔ ‘‘
واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی نے ولساڑ سے شروعات اس لئے کی کیوں کہ یہ قبائلی علاقہ ہے اور بی جے پی اس مرتبہ زیادہ سے زیادہ قبائلی ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ مودی نے ریلی کے دوران ترقیاتی کاموں کا کریڈٹ خود لیتے ہوئے کہا کہ پہلے ان علاقوں میں نہ اسپتال تھے اور نہ اسکول تھےلیکن ہماری حکومت نے یہاں ترقی کے کام کئے۔ پہلے یہاں فسادات کی وجہ سے لاء اینڈ آرڈر کا بھی مسئلہ ہوتا تھا لیکن اب یہاں ایسی کوئی پریشانی نہیں ہے۔ اسی لئے ہماری اپیل ہے کہ ولساڑ کے ووٹرس صرف بی جے پی پر بھروسہ کریں۔