روسی فوج نے یوکرین کے خلاف حملوں میں مزید شدت پیدا کرتے ہوئے اتوار کو پولینڈ کی سرحد کے قریب اس کے سب سےبڑے فوجی ٹھکانے ’’یاوریو انٹرنیشنل سینٹر فار پیس کیپنگ اینڈ سیکوریٹی‘‘ کو نشانہ بنایا جس میں ۳۵؍ افراد ہلاک اور ڈیڑھ سو کے قریب زخمی ہیں۔ مغربی شہر يافوريف کے گورنر میکسم کوزٹکسکی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ روس نے بیک وقت ۳۰؍ کروز میزائلیں داغ کر فوجیوں کے تربیتی مرکز کو نشانہ بنایا جو پولینڈ کی سرحد سے محض ۲۵؍ کلو میٹر کی دوری پر ہے ۔خیال رہے کہ۱۴۰؍ مربع میل پر محیط اس فوجی اڈے میں یوکرینی اہلکاروں کو تربیت دینے کیلئے نیٹو کے ٹرینر بھی موجود تھے۔ روس کا یہ پہلا حملہ ہے جو یوکرین کے مغربی علاقے اور یورپی یونین کے رکن ملک پولینڈ کے قریب کیا گیا تاہم اب تک یورپی یونین اور پولینڈ نے اس پر ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔