پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی شاندار فتح کو بابا صاحب امبیڈکر اور بھگت سنگھ کے خواب کی تعبیر قرار دیتے ہوئے پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیراعلیٰ کیجریوال نے اسے ایک انقلاب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’پنجاب الیکشن کا نتیجہ ایک بڑا انقلاب ہے، اس نے پنجاب میں کئی بڑی بڑی کرسیوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ یہ انقلاب پہلے دہلی میں آیا پھرپنجاب میں آیا، اب یہ انقلاب پورے ملک میں آئےگا۔‘‘
جمعرات کو دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹرز پر اپنے حامیوں سے خطا ب کرتے ہوئے کیجریوال نے دہلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ’’ عام آدمی پارٹی نے گزشتہ ۷؍سال میں ا نگریزوں کے نظام کو بدل ڈالا۔ اب غریبوں کے بچوں کو اچھی تعلیم ملنے لگی ہے۔بابا صاحب اور بھگت سنگھ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔‘‘ اپنے سابق ساتھی کمار وشواس کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہاکہ’’ آج نتائج کے ذریعہ عوام نے بتا دیا کہ کیجریوال دہشت گرد نہیں ہے، دہشت گرد تو تم لوگ ہو جو مل کر کر پورے ملک کو لوٹ رہے ہو۔‘‘ عام آدمی پارٹی کے کنوینر نے کہا کہ ’’آج ہم کوعزم کرنا ہے کہ ہم نیا ہندوستان بنائیں گے، جہاں ایک انسان دوسرے انسان سے محبت کرے گا۔ ہم ایک ایسا ہندوستان بنائیں گے جہاں نفرت کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ کوئی بھوکا نہیں سوئے گا اور تمام محفو ظ ہوں گے۔ آنے والا وقت ہندوستان کا ہے اور ہندوستان کو دنیا کا نمبر ایک ملک بننے سے اب کوئی نہیں روک سکتا۔‘‘
انہوں نے کہاکہ ’’پنجاب کے لوگوں نے کمال کردیا۔ آئی لو یو پنجاب۔ سکھ بیر سنگھ بادل شکست کھاگئے، کیپٹن صاحب ہار گئے، چنی صاحب ہار گئے، پرکاش سنگھ بادل ہار گئے، نوجوت سنگھ سدھو ہار گئے اور بکرم سنگھ مجیٹھیا ہار گئے۔ یہ بہت بڑا انقلاب ہے۔ پنجا ب کے اندر آج بڑی بڑی کرسیاں ہل گئیں۔ بھگت سنگھ نے ایک بار کہا تھا کہ آزادی ملنے کے بعد اگر ہم نے صرف انگریزوں کو بھگا دیا اور سسٹم نہیں بدلا، تو کچھ نہیں ہونے والا۔ ‘‘ ملک کی دیگر سیاسی پارٹیوں کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’دکھ کی بات ہے کہ۷۵؍ برس سے وہی انگریزوں والا نظام چل رہا تھا۔ عام آدمی پارٹی نے یہ نظام بدل دیا ہے۔ ہم نے ایماندار سیاست کی شروعات کی ہے۔ ہم نے لوگوں کے کام کی شروعات کی ہے۔ اب بچوں کے اسکول بننے لگے ہیں غریبوں کے بچوں کو اچھی تعلیم ملنے لگی ہے۔ بابا صاحب امبیڈکر اور بھگت سنگھ کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے لگا ہے۔‘‘