پوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں اور ان کے قریبی ساتھیوں کے خلاف مرکزی ایجنسیوں کی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کو ممبئی اور پونے شہروں میں ایک ساتھ محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپے ماری کی ۔ یہ چھاپے شیوسینا اور این سی پی لیڈران کے قریبی ساتھیوں پر مارے گئے ہیں۔ ان چھاپوں کی وجہ سے اتنا ہنگامہ اس لئے بھی ہے کیوں کہ محکمہ انکم ٹیکس اب ٹھاکرے خاندان تک پہنچنے کی کوشش کررہا ہے۔ اس نے آدتیہ ٹھاکرے کے قریبی ساتھیوں پر کارروائی کی ہے۔ واضح رہے کہ شیو سینا لیڈر اور بی ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئر مین کے بعدشیوسینا کے علاوہ این سی پی کے لیڈران سے تعلق رکھنے والے یا قریبی مانے جانے والے تاجروں ، بی ایم سی ٹھیکیداروں اور ٹرانسپورٹ افسر پر انکم ٹیکس محکمہ نے کارروائی کرتے ہوئے چھاپے مارے ہیں۔ ان سبھی پر محکمہ نے ٹیکس چوری کاالزام عائد کیا ہے اور ن کے گرد شکنجہ کستے ہوئے ممبئی اور پونےکے مختلف علاقو ں میں کل ۲۰؍ مقامات پر چھاپہ مار ا ہے ۔
انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے جن تاجروں اور مختلف کمیٹیوں کے ممبروں کے خلاف انکم ٹیکس کی چوری کا الزام لگاتے ہوئےسرچ آپریشن کیا ہے ان میں کابینی وزیر آدتیہ ٹھاکرے کے قریبی مانے جانے والے راہل کنال ،تاجر سدانند کدم ، ٹرانسپورٹ آفیسر بجرنگ کرماٹے اور دیگر شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ممبئی میں جس راہل کنال کے گھر اور دفتر پر چھاپہ ماراگیا ہے ، وہ نہ صرف آدتیہ ٹھاکرے کے قریبی ہیں بلکہ بی ایم سی ایجوکیشن کمیٹی کے ممبراورشرڈی سائی بابا ٹرسٹ کے ٹرسٹیوں میں سے ایک ہیں ۔ایجنسی نے ان کی باندرہ میں واقع رہائش گاہ اور دفاتر پر ایک ساتھ کارروائی کی ہے۔
اس کے علاوہ ایجنسی نے ممبئی کے ایک تاجر سدا نند کدم کی کاندیولی کی رہائش گاہ اور تجارتی مراکز پر سرچ آپریشن کیا ہے ۔سدا نند کدم کے تعلق سے کہا جاتا ہے کہ شیوسینا کے کئی لیڈروں سے ان کے گہرے مراسم ہیں ۔یہی نہیں ایجنسی نے بی ایم سی کے مختلف پروجیکٹس کا ٹھیکہ لینے والے ٹھیکیداروں کے علاوہ پونے کے ایک ٹرانسپورٹ آفیسر بجرنگ کرماٹے کے آفس اور گھر پر بھی چھاپہ مارا ۔ ڈپٹی ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر بجرنگ کرماٹے ان افسروںمیں سے ایک ہیں جنہیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے انل دیشمکھ کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت درج کردہ کیس کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا تھا ۔ بجرنگ ٹرانسپورٹ منسٹر انل پرب کے بھی قریبی مانے جاتے ہیں ۔ یہ بھی یاد رہے کہ انل پرب کو بھی انل دیشمکھ کے خلاف کیس کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا جاچکا ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں محکمہ انکم ٹیکس بی ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئر مین اور کارپوریٹر یشونت جادھو، ان کی اہلیہ ایم ایل اے یامنی جادھو اور ان کے رشتہ داروںکے گھروں اور دفاتر سمیت کل ۳۵؍ مقامات پر چھاپہ مارا تھا اور یہ الزام لگایا تھا کہ ان سبھی نے ایک کروڑ ۳۰؍ لاکھ کی جائیدادوںپر قبضہ کیا ہے ۔
دوسری طرف شیو سینا لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے رائوت نے ان چھاپوں کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے مرکز کی مودی حکومت پر نشانہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی کے لیڈروں پر مرکزی ایجنسیوں کی کارروائی کے پس پشت کون ہے یہ ہم جانتے ہیں اور بہت جلد ان کا راز فاش کریں گے۔ سنجے رائوت نے کہا کہ کل تک ای ڈی کے ذریعے ڈرایا جارہا تھا اور انکم ٹیکس کو پیچھے لگادیا گیا
ہے لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ مہاراشٹر شیواجی مہاراج کی سرزمین ہے اور یہاں کے لوگ دہلی کے راجہ کے خلاف ہمیشہ سے ہی سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔