اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں پیر کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی سمیت ۹؍ اضلاع کی۵۴؍ اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر اجے کمار شکلا نے اتوار کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ساتویں اور آخری مرحلے میں اعظم گڑھ، مئو، جونپور، غازی پور، چندولی، وارانسی، مرزا پور، بھدوہی اور سون بھدر اضلاع میں ہونے والے انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پولنگ ٹیم جائے وقوع پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چندولی کے چکیا (محفوظ) اور سون بھدر ضلع کے رابرٹس گنج (محفوظ) میں پولنگ صبح۷؍ بجے شروع ہوگی اور شام۴؍ بجے تک جاری رہے گی جبکہ دیگر۵۱؍ اسمبلی حلقوں میں صبح۷؍ بجے سے شام۶؍ بجے تک ووٹنگ جاری رہے گی۔ مقررہ مدت کے بعد بھی قطار میں کھڑے افراد کو ووٹ دینے کا حق حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ساتویں مرحلے کی پولنگ میں۲ء۰۶؍کروڑ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ان میں سے ۱ء۰۹؍کروڑ مرد،۹۷ء۰۸؍ لاکھ خواتین اور ۱۰۲۷؍ تیسری صنف کے ووٹر ہیں۔ اس مرحلے میں ۵۴؍ اسمبلی حلقوں میں۶۱۳؍ امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے۷۵ خواتین امیدوار ہیں۔
پولنگ اسٹیشنوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی
الیکشن میں کل۲۳؍ ہزار ۶۱۴؍ پولنگ مقامات اور ۱۲؍ ہزار ۲۱۰؍ پولنگ سٹیشن ہیں جن پر کڑی نظر رکھنے کیلئے ۵۲؍ جنرل آبزرور، ۹؍ پولیس آبزروراور۱۷؍ایکسپینڈیچر آبزرور بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ہزار ۶۲۱؍ سیکٹر مجسٹریٹ، ۱۹۵؍ زونل مجسٹریٹ، ۲۲۲؍ اسٹیٹک مجسٹریٹ اور۲؍ ہزار ۷۹۶؍ مائیکرو آبزرور بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے نیم فوجی دستے مناسب تعداد میں تعینات کئے گئے ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کو یقینی بنایا گیا ہے اور ای وی ایم کے اسٹرانگ رومز کی حفاظت کی ذمہ داری بھی نیم فوجی دستوں کو دی گئی ہے۔ ساتویں مرحلے میں کل۵۴۸؍ ماڈل پولنگ اسٹیشن اور۸۱؍ خواتین ورکرس کے پولنگ مقامات بنائے گئے ہیں۔
سون بھدر سے متصل ۴؍ ریاستوں کی
سرحدوں کو سیٖل کردیاگیا
اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں پیر کو ہونے والی ووٹنگ سے قبل سون بھدر ضلع سے متصل ۴؍ ریاستوں کی سرحدوں کو سیٖل کر دیا گیا ہے۔ سون بھدرملک کا واحد ضلع ہے جس سے ۴؍ ریاستوں کی سرحدیں ملتی ہیں۔ بندھیاچل رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس آر کے بھاردواج نے اتوار کو کہا کہ رینج میں آنے والی بہار، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش کی سرحدوں کو آج سے سیٖل کر دیا گیا ہے۔ پوری سرحدی لائن پر چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔ ان ریاستوں سے آنے والوں کی تلاش لی جا رہی ہے۔ اگرچہ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر کوئی خاص پابندی نہیں ہے تاہم چیکنگ مہم جاری رہے گی۔ اس بات کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے کہ کوئی بھی پڑوسی ریاستوں کی سرحد سے داخل ہو کر انتخابات پر اثر انداز نہ ہو سکے۔ اس کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
سرحدی لاپنوں پر حفاظتی انتظامات
انہوں نے مزید بتایا کہ ان تمام ریاستوں کے پولیس افسران کے ساتھ تال میل قائم کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی افسران کے ساتھ میٹنگیں بھی کی گئی ہیں۔ متعلقہ ریاستی اہلکار اپنی اپنی سرحدی لائنوں پر حفاظتی انتظامات کر رہے ہیں۔ اس کی سرحد پر اتر پردیش پولیس کے ساتھ پیرا ملٹری فورس کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سون بھدرضلع ایک زمانے میں ریاست میں نکسلی سرگرمیوں کیلئے جانا جاتا ہے۔