مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے اتر پردیش اسمبلی الیکشن کے چھٹے اور ساتویں مرحلے کیلئے انتخابی مہم کو ایک نیا رنگ دیتے ہوئے اتوار کوکانگریس اور سماجوادی پارٹی پر ملک دشمن عناصر سے تعلق کا الزام عائد کیا۔ رام کولان اسمبلی حلقے کے کنوڈیا انٹر کالج کے کھیل میدان میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسمرتی نےکانگریس پر ۱۹۹۲ء کے ممبئی بلاسٹ کے ملزمین کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا تو اکھلیش یادو کی اس تصویر کا حوالہ دیا جس میں وہ اپنی پارٹی کے لیڈر شاداب احمد کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔ شاداب کا بیٹا محمد سیف گجرات بم دھماکوں کے کیس میں مجرم قرار دیاگیاہے۔ اکھلیش یادو کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسمرتی ایرانی نے کہا کہ ایک فوٹو پوری دنیا میں وائرل ہورہا ہے جس میں ایک دہشت گرد کے کنبے کے ساتھ اکھلیش یادو موجود ہیں۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے الزام لگایا کہ ’’ کانگریس ان لوگوں کی پشت پناہی کررہی ہے جن کی وجہ سے۱۹۹۲ء کے بلاسٹ میں۷۰۰؍ افراد زخمی ہوئے اور۳۰۰؍ معصوم مارے گئے۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’ ایسے دہشت گردوں کے ساتھ گاندھی کنبے کے رشتے ہیں۔کانگریس حکومت ان کو تحفظ فراہم کررہی ہے۔اگر ہمت ہے تو وہ جھٹلا دیں۔‘‘اکھلیش یادو بی جےپی کے الزام کی پہلے ہی یہ کہہ کر تردید کر چکے ہیں کہ اگر بم دھماکے کے ملزم سیف کے والد شاداب احمد کے ساتھ ان کی تصویر کی بنیاد پر انہیں دہشت گرد وں کا معاون کہا جارہاہے تو بی جےپی کے وہ لیڈر بھی دہشت گرد ہیں جنہوں نے ہندوستان آنے والے ایک پاکستانی جنرل کے پیر چھوئے تھےا ور جو بعد میں پاکستان کا صدر بنا۔