پٹہ اراضیات کی تقسیم کیلئے 31 مارچ تک مہلت، اہل افراد درخواست داخل کرلیں : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ وزیرصحت ہریش راـؤ نے سنگاریڈی کے رامچندر منڈل میں 3 بستی دواخانوں کا افتتاح کرکے عوام کو خانگی ہاسپٹلس سے رجوع ہوکر پیسے ضائع کرنے کی بجائے بستی دواخانوں میں علاج کا مشورہ دیا۔ ہریش راؤ نے آج ایس این کالونی، بمبئی کالونی، ایل آئی جی بھارتی نگر کالونیوں میں بستی دواخانے قائم کئے گئے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں جملہ 256 بستی دواخانے حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے ہیں۔ ان ہاسپٹلس میں ایم بی بی ایس ڈاکٹر، اسٹاف نرس اور دوسرے طبی عملہ کی خدمات فراہم کی جارہی ہے۔ غریب عوام کو موثر طبی امداد مفت فراہم کی جارہی ہے۔ بستی دواخانوں میں تمام دوائیں دستیاب ہیں اور تمام ٹسٹ مفت کئے جائیں گے۔ ٹی ڈائگناسٹک سنٹرس سے 57 اقسام کے ٹسٹ مفت کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ۔ وزیرصحت نے کہا کہ پٹن چیرو میں پہلے سے تین بستی دواخانے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آج مزید تین بستی دواخانوں کا افتتاح کیا گیا ۔ اسکے علاوہ ہریش راؤ نے بھارتی نگر ڈیویژن کے حدود میں واقع اکریساٹ فیسنگ کالونی کے عوام میں پٹہ اراضیات تقسیم کیا اور بہت جلد چیف منسٹر کے سی آر کے ہاتھوں سے 218 ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کرانے کا اعلان کیا اور کہا کہ جی او 58 اور 59 کے تحت اسمبلی حلقہ پٹن چیرو میں تاحال 5 ہزار افراد کو پٹہ اراضیات دینے کا دعویٰ کیا۔ چیف منسٹر نے ان جی اوز کے ذریعہ دوبارہ اراضیات تقسیم کرنے کا موقع فراہم کیا ۔ 31 مارچ تک اس کی مہلت ہے۔ تمام اہل افراد کو درخواستیں داخل کرنے کا مشورہ دیا۔