سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کو تنہا سفر کرنے والی خواتین کیلئے دنیا کا محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔برطانیہ کی مشہور ٹریول ایجنسی’انشور مائے ٹرپ‘ نے ایک سروے کروایا ہے اور خواتین کے لحاظ سے محفوظ ترین شہروں کی درجہ بندی جاری کی ہے۔ یہ درجہ بندی اس لحاظ سے بھی ہے کہ اگر کوئی خاتون تنہا سفر کرتی ہے تو کون سا شہر اس کے لئے سب سے زیادہ محفوظ ہے۔ اس فہرست میں مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مدینہ منورہ کو پہلا مقام دیا گیا ہے۔ سروے کے مطابق مدینہ پوری دنیا میں وہ شہر ہے جہاں خواتین بالکل محفوظ و مامون ہیں اور تنہا سفر کرنے کے معاملے میں بھی انہیں کوئی خطرہ پیش نہیں آتا۔ مدینہ کو سروے میں ۱۰؍ میں سے ۱۰؍ پوائنٹس دئیے گئے ہیں۔ دوسرے اور تیسرے مقام پر متحدہ عرب امارات کے ۲؍شہر دبئی اور ابو ظہبی ہیں۔ ان دونوں شہر وں کو ۱۰؍ میں سے ۹ء۶۰؍ پوائنٹس ملے ہیں۔چوتھے مقام پر چینی شہر مکائو اور پانچویں پر تھائی لینڈ کا شہرچیانگ مائی ہے۔
اس سروے اور رینکنگ کے بارے میں ٹریول ایجنسی کی نائب صدر سوزین مائورو نے کہا کہ ہمارے پاس پورے یورپ اور امریکہ سے ٹریولنگ کی انکوائری آتی ہے اور ہم ٹرپس کا منصوبہ بناتے ہیں۔ ان انکوائریوں میں سب سے زیادہ سوال یہی ہو تا ہے کہ وہ جہاں جارہے ہیں وہ شہر خواتین کے لحاظ سے محفوظ ہے یا نہیں۔ اسی وجہ سے ہم وقتاً فوقتاً یہ سروے کرواتے رہتے ہیں۔سوزین کے مطابق گزشتہ مرتبہ بھی جو سروےہوئے تھے ان میں مشرق وسطیٰ کے شہر اور عرب ممالک کے شہروں کو زیادہ سے زیادہ پوائنٹس ملے تھے۔ واضح رہے کہ تازہ سروے میں خواتین کے رات کے اوقات میں محفوظ تنہا سفر، صنفی بنیاد پر حملے کے خطرات اوران شہروں میں سفر کے دوران پیش آنے والے خطرات کا جائزہ لیا گیا اور ان شعبوں کے لحاظ سے شہروں کو۱۰؍ میں سے پوائنٹس د ئیے گئے۔
اس سروے میں خواتین کی حفاظت کے لحاظ سے جہاں ٹاپ ۵؍ شہر سامنے آئے ہیں وہیں یہ حقیقت بھی سامنے آئی ہے کہ یورپ اور امریکہ جو خواتین کی حفاظت اور صنفی مساوات کا اتنا دم بھرتے ہیں ان کا ایک بھی شہر خواتین کے لئے محفوظ و مامون قرار نہیں دیاگیا۔ اس فہرست میںکم محفوظ شہروں میں پہلے نمبر پر جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ ، دوسرے پر فرانس کا شہر پیرس ، تیسرے پرہندوستان کا دہلی، پھرکوالالمپور اور جکارتہ ہیں۔