رےروڈریلوے اسٹیشن، سنت سائوتا مارگ کے قریب واقع وکٹوریہ بریج منہدم کرکے نئے بریج کی تعمیرکا کام جمعرات سے شروع کردیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اس علاقےکی جن جھوپڑپٹیوں کو منہدم کیا گیا ہے،ان کی تزئین کا کام بھی کیاجائے گا۔مذکورہ بریج کی تعمیراورعلاقےکی تزئین ۱۰؍ماہ میں مکمل کئے جانے کی اُمید ہے۔
واضح رہےکہ مذکورہ بریج کو ۳؍سال قبل ایک لاری کے ٹکرانے سےکافی نقصان پہنچا تھا۔ جس کی وجہ سےبریج سےمتصل جھوپڑاباسیوںکو اسی وقت یہاں سے ہٹا دیا گیاتھا جبکہ۳؍مہینہ قبل ناریل واڑی قبرستان کے اطراف کی جھوپڑپٹیوں کوبھی ہٹایا گیا ہے۔جس سے اس علاقے میں ٹریفک کا مسئلہ کسی حد تک حل ہوگیاہے۔ساتھ ہی میت لے کر قبرستان آنےوالوںکو ہونےوالی دشواریاں بھی کم ہوگئی ہیں ۔ بریج کےساتھ اس علاقےکی تزئین کے کام کا افتتاح ناریل واڑی قبرستان مسجد کےامام نعیم اخترکی دعا سے کیا گیا۔ اس موقع پر یہاں موجود لوگوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔
ناریل واڑی قبرستان مسجد کے پیش امام نعیم اختر نے انقلاب کو بتایاکہ ’’یہاں کی جھوپڑپٹیوں سے قبرستان آنےوالوںکو بڑی دقت ہوتی تھی۔ قبرستان کیلئےمختص راستے کے دونوں طرف جھوپڑپٹیوں کے ہونے سے راستہ تنگ ہوگیاتھا۔ میت لانےمیں تکلیف ہوتی تھی۔ راستہ تنگ ہونے سے ٹریفک کا مسئلہ تھا۔بالخصوص جمعہ اور بڑی رات کوزیادہ پریشانی ہوتی تھی۔ ان جھوپڑپٹیوں کے ہٹ جانے سے کافی راحت ہوگئی ہے۔ ٹریفک کامسئلہ بھی کسی حد تک حل ہوگیاہے۔علاقے کی تزئین سے یہ علاقہ بھی ترقی کرےگا۔جمعرات کو یہاں کے بریج اور علاقے کی تزئین کے کام کا افتتاح کیاگیاہے۔اُمید ہےکہ جلد ہی اس علاقےکا نقشہ بدل جائےگا۔‘‘
رے روڈٹرانزٹ کیمپ کے یاسین چشتی نے بتایاکہ’’وکٹوریہ بریج اور ناریل واڑی قبرستان سے متصل جھوپڑپٹیوں سے علاقےمیں ٹریفک کا سنگین مسئلہ تھا۔بالخصوص ناریل واڑی قبرستان میں میت لےکرآنےوالوںکو بڑی پریشانی ہوتی تھی۔ جھوپڑوں اور اس کے آگے کی جگہ پر قبضہ ہونے سے میت کے ساتھ آنےوالوںکو موٹر سائیکل تک پارک کرنےکی جگہ نہیں ملتی تھی لیکن جب سے یہاں کی جھوپڑپٹی ہٹائی گئی ہے لوگوںکو کافی راحت ملی ہے۔ مذکورہ علاقےکی جھوپڑپٹیوںکو تقریباً ۳؍مہینے قبل ہٹایاگیاہے مگر ان علاقوں کی تزئین اور وکٹوریہ بریج منہدم کرکے نئے بریج کی تعمیر کا کام جمعرات سے شروع کیا گیا ہے۔ ۳؍ سال قبل اس بریج کے ایک کھمبے سے ایک لاری ٹکرائی تھی،جس سے بریج کا ڈھانچہ ہل گیاتھا۔ حادثہ کےفوراً بعدبریج سےمتصل جھوپڑا باسیوںکو اسی وقت یہاں سےمنتقل کردیا گیاتھا۔ اب اس بریج کو توڑ کرنئے بریج کو بنانےکی کارروائی کا آغاز کیاگیاہے ۔ جس کا ہم خیرمقدم کرتےہیں ۔‘‘
مذکورہ بریج کومنہدم کرنےوالی کمپنی پرونرمان کے مالک حفیظ پٹھان نےبتایاکہ’’ ناریل واڑی قبرستان مسجدکے امام صاحب کی دعاسےوکٹوریہ بریج کومنہدم کرنےکے کام کا افتتاح کیاگیاہے۔ ۲۵؍ ڈمپر اور ۲؍پوکلین مشینوں کےذریعے بریج کو منہدم کرنےکا کام جاری ہے۔ ایک مہینہ میں بریج منہدم کرکے اس کی تعمیر نو کا کام شروع کیاجائے گا۔ ۹۔ ۱۰؍ مہینےمیں تعمیراتی کا م مکمل ہونےکی اُمید ہے۔ اس کے ساتھ ہی علاقے کی تزئین کا کام بھی کیاجائےگا۔‘‘
مقامی سماجی ادارہ نشاندار فائونڈیشن کے رہنمااور سماجی کارکن رفیق نشاندارنےبتایاکہ ’’ مذکورہ بریج کی تعمیرکا کام شروع ہوگیاہے ۔ اس موقع پر رکن پارلیمان اروندسائونت کی شرکت متوقع تھی مگر کسی وجہ سے وہ نہیں آسکے۔ہم نے ناریل واڑی مسجد کےامام صاحب کی دعاکے ساتھ بریج کے کام کاآغازکروایاہے۔ بریج کے کام کےساتھ علاقے کی جن جھوپڑپٹیوںکو منہدم کیا گیاہے،ان کی تزئین بھی کی جائے گی جس سے شہریوںکو راحت ملنےکی اُمید ہے۔‘‘