نئی دہلی:سورکوکیلا لتا منگیشکر کے انتقال سے ملک اور دنیا بھر میں تعزیت کی لہر دوڑ گئی ہے صدر رام ناتھ کووند،نائب صدر ایم وینکئیا نائیڈو ،وزیراعظم نریندر مودی ،بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے صدر جے پی نڈا اور کانگریس رہنما راہل گاندھی سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں نے سور کوکیلا لتا منگیشکر کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیا۔
لتا جی کے انتقال پر قومی تعزیت کا اعلان کیا گیا ہے۔دو دن قومی پرچم سرنگوں رہےگا۔ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ آج شام شیواجی پارک میں ادا کی جائیں گی۔
مسٹر کووند نے اتوار کو اپنے تعزیتی پیغام میں کہا،’’لتا جی کا انتقال میرے لئے بھی ویسے ہی دل دہلادینے والا ہے،جیسا کہ دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کےلئے ہے۔ ان کے نغموں کی طویل فہرست میں،ہندوستان کے جوہر اور خوبصورتی کی پیش کش سے نسلوں نے اپنے اندرونی جذبے کا اظہار پایا ہے۔ بھارت رتن ،لتا جی کی کے کارنامے بے مثال رہیں گے۔‘‘
انہوں نے ایک دیگر ٹویٹ میں کہا،’’ایک ایسے اداکار کی پیدائش صدیوں میں ایک بارہوتی ہے۔لتا دیدی ایک غیر معمولی انسان تھیں،وہ ہمیشہ گرمجوشی سے ملتی تھیں۔ میں جب بھی ان سے ملا انہوں نے گرمجوشی سے میرا خیر مقدم کیا۔خوبصورت آواز ہمیشہ کےلئے خاموش ہوگئی،لیکن اس کے سُر ہمیشہ زندہ رہیں گے،رہتی دنیا تک ان کی آواز کانوں میں گونجتی رہےگی۔ان کے کنبے اور ہر جگہ موجود ان کے مداحوں کے تئیں میری تعزیتیں۔‘‘