نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق رکن پارلیمنٹ سی جنگا ریڈی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ایک ٹویٹ میں مسٹر مودی نے کہاکہ ’’مسٹر سی جنگا ریڈی گارو نے اپنی زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کر دی تھی۔ وہ جن سنگھ اور بی جے پی کو کامیابی کی نئی بلندیوں تک لے جانے کی کوششوں کا ایک لازمی حصہ تھے۔ انہوں نے بہت سے لوگوں کے دل و دماغ میں اپنی جگہ بنائی۔ انہوں نے بہت سے کارکنوں کو بھی متاثر کیا۔ ان کی موت سے میں غم زدہ ہوں۔”
وزیر اعظم نے کہاکہ "مسٹر سی جنگا ریڈی گارو پارٹی کے انتہائی نازک دور میں بی جے پی کے لیے ایک بااثر آواز تھے۔ میں نے ان کے بیٹے سے بات کی ہے اور اپنی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اوم شانتی۔”
واضح رہے کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر مسٹر ریڈی کا ہفتہ کی صبح 87 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ انہوں نے اپنا سیاسی کیریئر جن سنگھ کے کارکن کے طور پر شروع کیا۔ مسٹر ریڈی نے 1984 کے عام انتخابات میں سابق وزیر اعظم اور سینئر کانگریس لیڈر پی وی نرسمہا راؤ کو ہنم کونڈہ پارلیمانی حلقہ سے شکست دے کر ایک ریکارڈ بنایا تھا۔ اس وقت لوک سبھا میں بی جے پی کے صرف دو ممبران تھے۔