وزیراعظم مودی نے اگلے مالی سال کے لئے پیش کئے گئے عام بجٹ کو ملک کی معیشت کو درست سمت میںتیز رفتاری سے آگے بڑھانے والا بجٹ بتاتے ہوئے کہا کہ ملک زندگی میں آسانی یعنی ایز آف لیونگ اورکاروبار میں آسانی یعنی ایز آف ڈوئنگ بزنس کے اگلے مرحلے کیلئے تیار ہے۔ مودی نے بی جے پی کی دہلی یونٹ کی طرف سے منعقدہ پروگرام کو ورچوئل طریقے سے خطاب کرتےہوئے کہ پوری دنیا کے لوگ ایک مضبوط ہندوستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ ہم نے غریبوں کو امیر بنایا اور خواتین کو کاروبار کا مالک۔یہاں تک کہ سب سے زیادہ فلاحی کام ہمار ی حکومت نے ہی انجام دئیے ۔
وزیر اعظم مودی نے اس خطاب کے دوران بجٹ کی تعریفوں کے پل باندھے اور کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے بہترین بجٹ پیش کیا ہے۔ ان کا پیش کردہ یہ بجٹ نئے مواقع کا بجٹ ہے، یہ نئے عزائم کی تکمیل کا بجٹ ہے۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہندوستان خود کفیل بنے اور اسی کفالت کی بنیادپر ایک جدید ہندوستان کی تعمیر ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار میں آسانی کا دوسرا ایڈیشن ایز آف ڈوئنگ بزنس۲ء۰؍ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وزیر خزانہ نے بجٹ کے کچھ پہلو بہت اچھے طریقے سے ہمارے سامنے پیش کئے ہیں لیکن بجٹ تقریر میں پورا بجٹ ممکن نہیں ہوتا کیونکہ بجٹ بہت بڑی دستاویز ہے، اس میںباریکیاں ہوتی ہیں اورایوان میں یہ سب بولنا ممکن نہیں ہوتا ہے۔ اسی لئے میں یہ بجٹ سمجھانے آیا ہوں۔ تاکہ پارٹی کارکن اسے عوام تک لے جائیں ۔