کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی صدارت میں جمعہ کو یہاں کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کے اسٹریٹجک گروپ کی میٹنگ ہوئی جس میں بجٹ اجلاس میں کسانوں، چینی تجاوزات، بے روزگاری اور ایئر انڈیا کی فروخت پر گھیرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کانگریس ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ بجٹ سیشن میں کانگریس ہم خیال جماعتوں کے ساتھ کسانوں کے مسائل، چینی تجاوزات، کورونا متاثرین کے لیے ریلیف پیکیج، پبلک سیکٹر کمپنی ایئر انڈیا کو پرائیویٹ کمپنی کو فروخت اور عوام سے جڑے دیگر مسائل پر حکومت کو گھیرے گی۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری، سینئر لیڈر اے کے انٹونی، پارٹی کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال، آنند شرما، گورو گوگوئی، کے سریش، جے رام رمیش، منکم ٹیگور اور منیش تیواری سمیت کئی لیڈران موجود تھے۔ واضح رہے کہ بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ پیر سے شروع ہو رہا ہے جس میں صدرجمہوریہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے مشترکہ طور پر خطاب کریں گے۔ اجلاس کے دوران ایوان میں اقتصادی سروے کے ساتھ ساتھ عام بجٹ بھی پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سرمائی اجلاس میں اپوزیشن منتشر نظر آیا تھا جبکہ ترنمول کانگریس(ٹی ایم سی) نے کانگریس سے اپنی راہیں الگ کرلی تھیںاور ممبران پارلیمنٹ کی معطلی کے باوجود دونوں قریب نہیں آسکیں حالانکہ کانگریس نے حتیٰ الامکان کوشش کی کہ ٹی ایم سی کو اپنے قریب لایا جاسکے۔ حاشیہ پر بیٹھنے والی ٹی آر ایس بھی اپوزیشن کے زمرے میں شامل ہوگئی تھی کیوں کہ وہ تلنگانہ میں دھان کی فصل کے تعلق سے حکومت سےناراض ہوگئی تھی۔ پیر کو فلور لیڈرز کی میٹنگ ۳؍بجے آن لائن منعقد کی جائے گی جس میں حکومت اپنے ایجنڈے اور پارلیمنٹ میں ہونے والے کاموں کے تعلق سے تبادلہ خیال کرے گی۔بجٹ سیشن کا آغاز بھی اسی دن صدرجمہوریہ کے خطاب کے ساتھ ۱۱؍بجے ہوگا۔ اس کے بعد معاشی سروے پیش کیا جائے گا۔ وزیر مالیات نرملا سیتا رمن یکم فروری کو مرکزی بجٹ پیش کریں گی۔ وزیر برائے پارلیمانی امور پرہلاد جوشی نے ٹویٹر پر کہا کہ ’’بجٹ سیشن کے پہلے حصے کا آغاز ۳۱؍جنوری کو ہوگاجس کے تحت پارلیمنٹ کےدونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدرجمہوریہ کا خطاب ہوگا۔ یکم فروری کو وزیر مالیات نرملا سیتا رمن مرکزی بجٹ پیش کریں گی۔ کووڈ کے تعلق سے حفاظتی اقدامات کے تحت دونوں ایوانوں کی کارروائی ایک ساتھ کرنے کے بجائے باری باری کی جائے گی تاکہ ایک ساتھ زیادہ افراد جمع نہ ہوسکیں۔