پیانگ یانگ : شمالی کوریا نے میزائل تجربات کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے اس کے تحت گزشتہ دو ہفتوں کے دوران یہ چوتھا میزائل تجربہ تھا۔ چند روز قبل ہی امریکہ نے جوہری ہتھیاروں سے لیس اس ملک کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے 17 جنوری پیر کے روز اپنے مشرقی ساحل سے سمندر کی جانب دو نامعلوم ہتھیار فائر کیے ہیں۔اس برس کے آغاز کے بعد سے پیانگ یانگ کی جانب سے ہتھیاروں کا یہ چوتھا ٹسٹ ہے اور مبصرین کا خیال میں اس مختصر وقت میں اتنی تعداد میں تجربات ایک غیرمعمولی بات ہے۔ جاپان کے کوسٹ گارڈ نے بھی پیر کے روز کم از کم ایک میزائل داغے جانے کی تصدیق کی ہے۔جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ میزائل شمالی کوریا کے سونان ہوائی اڈے کے قریب ایک علاقے سے فائر کیے گئے۔ یہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ ملک کے دارالحکومت کے لیے کام کرتا ہے۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ پیر کے روز کس قسم کا میزائل داغا گیا۔تاہم جنوبی کوریا اور جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے پتہ لگایا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ممکنہ طور پر بیلیسٹک میزائل لانچ کیا گیا ہے۔