چنئی:تمل ناڈو کے وزیراعلی ایم کے اسٹالن نے ہفتے کو سری لنکا کےذریعہ حراست میں لئے گئے 56 ماہی گیروں اور ان کی 75 کشتیوں کو آزاد کرانے کےلئے سفارتی سطح پر قدم اٹھانے کےلئے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے اپیل کی ہے۔
مسٹر اسٹالن نے ڈاکٹر جے شنکر کو لکھے خط میں 12 ماہی گیروں کی رہائی کو یقینی بنانے کےلئے انہیں (ڈاکٹر جے شنکر)کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ 13 جنوری کو ہونے والے پونگل فیسٹیول کے پیش نظر 56 ماہی گیروں کی رہائی کو یقینی بنانے کےلئےکوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہئے،تاکہ یہ ماہی گیر اپنے گھروالوں کے ساتھ تہوار منا سکیں۔
انہوں نے کہا،’’میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ مناسب سفارتی ذرائع کے ذریعہ سری لنکا کی حکومت پر دباؤ بنائیں اور ماہی گیروں کی رہائی کو یقینی بنائیں۔‘‘
تمل ناڈو سے 12 ماہی گیروں کی رہائی کو محفوظ کرنے کےلئے مرکزی حکومت کے تئیں شکریہ ادا کرتے ہوئے مسٹر اسٹالن نے کہا کہ سری لنکا میں ابھی بھی ریاست کے 56 ماہی گیر پھنسے ہوئے ہیں اور 19 اور 20 دسمبر 2021 سے جیلوں میں بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپیل ہے کہ ماہی گیروں کی رہائی اور انہیں صحیح سلامت ہندوستان لانے کےلئے پختہ کوششیں کی جائیں ۔‘‘